انسٹاگرام صارفین کی بڑی مشکل حل،انقلابی فیچر کا اعلان کردیا گیا

Published On 12 October,2021 09:06 pm

لاہور:(ویب ڈیسک)سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام کو استعمال کرنے والے صارفین کی بڑی مشکل حل ہونے جارہی ہے کیونکہ بندش سے پریشان صارفین کے لئے انقلابی فیچر تیار کیا جا رہا ہے،اس فیچر کے ذریعے کسی بھی تکنیکی خرابی یا بندش کی صورت میں صارفین کو بروقت مطلع کیا جاسکے گا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فیس بک کی ملکیتی تصاویر شئیر کرنے والی ویب سائٹ انسٹاگرام نے اعلان کیا ہے کہ صارفین کو ایپلی کیشن کی سروس میں تعطل کی بروقت اطلاع دینے کے لئے ایک نیا فیچر آزمایا جارہا ہے۔ یہ اعلان حالیہ دنوں میں دو بار انسٹاگرام کی سروس بند ہونے پر صارفین کو پیش آنے والی مشکلات کے بعد کیا گیا ہے۔

انسٹاگرام کے مطابق یہ فیچر ابتدائی طور پر امریکہ میں آزمایا جارہا ہے اور اس کو کچھ ماہ تک جاری رکھا جائے گا۔

 یاد رہے کہ 4 اکتوبر کو انسٹاگرام، واٹس ایپ اور فیس بک کی سروسز میں تکنیکی خرابی کے سبب چھ گھنٹے کا تعطل آیا تھا جس کے باعث ساڑھے تین ارب صارفین ان ویب سائٹس کو استعمال کرنے سے قاصر تھے۔

اس کے علاوہ پیر کے روز بھی انسٹاگرام کے صارفین کو ایپلی کیشن استعمال کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

کمپنی کے اعلان کے مطابق صارفین کو ان کے اکائونٹ کے غیر فعال ہونے کے خطرے سے آگاہ کرنے کے بارے میں ایک نیا فیچر متعارف کروایا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ فیس بک کی سابقہ ملازم فرانسس ہاگن نے امریکی سینیٹ کے سامنے بیان دیا تھا کہ فیس بک نے نفرت آمیز مواد اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کی روک تھام کے بجائے منافع کی خاطر ایسی سرگرمیوں پر پابندی لگانے سے گریز کیا۔
 

Advertisement