لندن : ( ویب ڈیسک ) گوگل کی پیرنٹ کمپنی الفابیٹ یورپ اور برازیل میں اپنے مصنوعی ذہانت کے چیٹ بوٹ ’’ بارڈ ‘‘ کو متعارف کروا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق یورپی یونین میں بارڈ کا آغاز اس وقت روک دیا گیا تھا جب بلاک میں ڈیٹا ریگولیٹر کی جانب سے رازداری کے خدشات اٹھائے گئے تھے۔
کمپنی نے کہا کہ اس نے شفافیت، انتخاب اور کنٹرول سے متعلق مسائل پر انہیں یقین دلانے کے لیے نگرانوں سے ملاقات کی ہے۔
بارڈ کے انجینئرنگ نائب صدر امر سبرامنیا نے کہا کہ بارڈ ایک تجربہ ہے، ہم جرات مندانہ اور ذمہ دار بننا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب گوگل نے اب بارڈ میں نئی خصوصیات شامل بھی کی ہیں جو دنیا بھر میں لاگو ہوتی ہیں، صارفین اس چیٹ بوٹ سے متعدد موضوعات پر سوالات پوچھ سکتے ہیں اور اپنے سوالات میں ٹیکسٹ کے ساتھ تصاویر بھی شامل کر سکتے ہیں جس سے انہیں زیادہ تفصیلی جواب کے حصول میں مدد ملے گی ۔
گوگل کے سینئر پروڈکٹ ڈائریکٹر جیک کراؤزیک نے ایک بلاگ پوسٹ میں کہا کہ صارفین بارڈ کے ساتھ عربی، چینی، جرمن، ہندی اور ہسپانوی سمیت 40 سے زیادہ زبانوں میں تعاون کر سکتے ہیں اور بارڈ کے جوابات کے لہجے اور انداز کو سادہ، طویل اور مختصر کر سکتے ہیں۔