کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) واٹس ایپ نے ایچ ڈی ویڈیوز سپورٹ کا فیچر متعارف کرا دیا ہے۔
خیال رہے کہ 17 اگست کو میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ میں ایچ ڈی تصاویر سپورٹ فراہم کی گئی تھی، اس موقع پر کمپنی نے وعدہ کیا تھا کہ بہت جلد ایچ ڈی ویڈیوز کے لیے سپورٹ بھی فراہم کی جائے گی۔
اب ایچ ڈی فوٹوز کے ساتھ ساتھ ویڈیوز کو بھی واٹس ایپ پر بھیجنا ممکن ہو گیا ہے، یہ فیچر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے متعارف کرا دیا گیا ہے اور آئندہ چند دن تک تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔
اس نئے فیچر کے ذریعے صارفین واٹس ایپ پر 720p ریزولوشن والی ویڈیوز اپنے دوستوں سے شیئر کر سکیں گے، اس سے پہلے 480p ویڈیوز کو ہی بھیجنا ممکن تھا۔
اس فیچر کی آزمائش کئی ماہ سے واٹس ایپ کے بیٹا (beta) ورژن میں کی جا رہی تھی اور اب جاکر اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔