پیرس: (ویب ڈیسک) فرانسیسی حکام نے ایپل کی جانب سے آئی فون 12 کیلئے جاری کئے گئے سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کی منظوری دے دی۔
گزشتہ ہفتے فرانس نے آئی فون 12 کے الیکٹرومیگنیٹک شعاعوں سے متعلق ٹیسٹ میں ناکام ہونے کی صورت میں ملک میں فون کی فروخت پر پابندی عائد کی تھی۔
فرانس کی جانب سے ایپل کو اس مسئلے کو حل کرنے میں ناکامی پر ملک میں موجود تمام یونٹس واپس منگوانے کا حکم دیا تھا، جبکہ دیگر یورپی ممالک نے خبردار کیا تھا کہ وہ بھی فرانس کے فیصلے کی تائید کر سکتے ہیں۔
فرانس کی جانب سے آئی فون 12 کے متعلق سامنے آنے والے معاملات کو چیلنج کرتے ہوئے ایپل نے واضح کیا تھا کہ نگران ادارے (اے این ایف آر) کو کمپنی اور ثالث فریقوں کی جانب سے لیب کے تمام آزمائشی نتائج ادارے کو جمع کرائے گئے ہیں جو بتاتے ہیں کہ یہ ڈیوائس تمام قانونی تقاضے پورے کرتی ہے۔
بعد ازاں رواں ہفتے منگل کے روز ایپل نے شعاعوں کے متعلق تحفظات کو دور کرنے کیلئے فرانسیسی حکام کو اپنے آئی فون 12 کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ فراہم کر دیا تھا، جس کی فرانسیسی ڈیجیٹل وزارت کے ذرائع نے تصدیق کی تھی۔
فرانس کی جانب سے آئی فون 12 کی فروخت پر پابندی کے اقدام نے بیلجیئم، جرمنی اور نیدرلینڈز میں بھی تشویش کی لہر دوڑا دی تھی۔
بیلجیئم کی جانب سے بھی سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کی درخواست کی گئی لیکن یہ اپ ڈیٹ فرانس تک محدود تھی۔