کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم تھریڈز کو لانچ ہوئے پانچ ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن صارفین اس نئی ایپ سے لطف اندوز ہونے کے بجائے مسلسل پریشان ہوتے ہی نظر آ رہے ہیں۔
انسٹاگرام صارفین کی جانب سے اس بات کا مشاہدہ کیا گیا ہے کہ انسٹاگرام پر تھریڈز کے بھرپور نوٹیفکیشن جاری کیے جا رہے ہیں تاکہ انہیں نئی ایپ پر لایا جاسکے، متعدد صارفین کو یہ نوٹیفکیشن تھریڈز اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے کے بعد بھی موصول ہو رہے ہیں۔
ناراض صارفین نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) کا سہارا لیتے ہوئے تھریڈز کے متعلق شکایات کے انبار لگادیے، ایک صارف نے ٹویٹ کہا کہ میٹا انسٹاگرام صارفین کو کھینچ کر تھریڈز میں لانے کی کوشش کر رہا ہے۔
ایک اور صارف کا کہنا تھا انسٹاگرام، براہ مہربانی مجھے تھریڈز نوٹیفکیشن بھیجنا بند کرو تو دوسرے صارف کا کہنا تھا کہ تھریڈز نوٹیفکیشن اب انسٹاگرام سے جڑے اکاؤنٹ میں آرہے ہیں، کیا تھریڈز اکاؤنٹ کو غیر فعال کرنے کا کوئی طریقہ ہے؟۔