نیویارک: (ویب ڈیسک) ایکس (ٹوئٹر) جلد ہی اسٹریمنگ ویب سائٹ یوٹیوب کے ٹکر کی ایپلی کیشن متعارف کرائے گا۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) اور اس کے ماہرین یوٹیوب کے ٹکر کی ایپلی کیشن تیار کرنے میں مصروف ہیں اور اس سے متعلق ایلون مسک نے بھی تصدیق کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایلون مسک اور ایکس کی چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) مختلف نشریاتی اداروں کے ساتھ بات کے دوران تصدیق کر چکے ہیں کہ وہ یوٹیوب کے مقابلے کی ایپلی کیشن متعارف کرانے پر کام کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایکس کی جانب سے ابتدائی طور پر مذکورہ ایپلی کیشن کو سمارٹ ٹیلی ویژن کا حصہ بنایا جائے گا جس کے بعد اسے موبائل اور کمپیوٹر ڈیسک ٹاپ صارفین کیلئے بھی پیش کیا جائے گا۔
ابتدائی طور پر مذکورہ ایپلی کیشن کو سمارٹ ٹیلی ویژن کیلئے متعارف کرائے جانے کا مقصد صارفین کی جانب سے ایکس پر اپلوڈ کی جانے والی طویل ویڈیوز کو ٹی وی سکرین پر دیکھنے کیلئے آپشن فراہم کرنا ہے، مذکورہ ایپلی کیشن کو ایکس یعنی ٹوئٹر سے منسلک کر دیا جائے گا اور وہاں پر اپ لوڈ کی جانے والی تمام بڑی ویڈیوز کو ایپ کے ذریعے ٹی وی سکرین پر دیکھا جا سکے گا۔
رپورٹ میں عندیہ دیا گیا کہ مستقبل میں مذکورہ ایپلی کیشن کو یوٹیوب کی طرح مواد تخلیق کاروں کیلئے بھی پیش کیا جائے گا اور وہاں پر بھی یوٹیوب کی طرح مونیٹائزیشن ہو سکے گی لیکن اس میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔
یہ واضح نہیں ہے کہ ایکس کی جانب سے کب تک یوٹیوب کے ٹکر کی ایپلی کیشن متعارف کرائی جائے گی اور اس کا نام کیا ہوگا، تاہم امکان ہے کہ اسے رواں برس کے اختتام تک پیش کر دیا جائے گا۔