استبول :(دنیا نیوز )ترکیہ کے سب سے بڑے شہر استنبول کی ایک صدی قدیم ٹرام اب اپنی پرانی شکل کے ساتھ جدید ٹرام میں تبدیل کردی گئی۔
ایک صدی قبل شروع ہونے والی سرخ اور سفید رنگ کی ٹرام سروس نہ صرف مقامی افراد میں مقبول ہے بلکہ یہ شہر میں آنے والے سیاحوں کی توجہ بھی حاصل کرتی ہے، استنبول کی یورپی سائیڈ پر چلنے والی ٹرام شہر کی سب سے مشہور کاروباری شاہراہ استقلال ایونیو میں لگ بھگ ڈیڑھ کلومیٹر پر چلتی ہے۔
اس ٹرام سروس کا باقاعدہ آغاز 110 برس قبل 1914 میں ہوا تھا، اس کی اصل شکل برقرار رکھنے کے لیے اس کی مرمت کا کام تواتر سے جاری رہتا ہے، اب اس پرانی ٹرام کے ساتھ ساتھ بیٹری سے چلنے والی جدید ٹرام بھی چلے گی البتہ جدید ٹرام بھی قدیم ٹرام سے بالکل ملتی جلتی ہے۔ نئی ٹرام میں بھی فرش لکڑی کا ہی رکھا گیا ہے جب کہ اس کی نشستیں بھی اپنی جگہ سے حرکت کر سکتی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق قدیم ٹرام میں پیچھے دیکھنے کے لیے دونوں جانب شیشے نصب ہوتے تھے، اب نئی ٹرام میں ڈرائیور کے لیے دونوں جانب کیمرے نصب کیے گئے ہیں جس سے نہ صرف دور تک آسانی سے دیکھ سکتے ہیں بلکہ اب ٹرام چلانے کے لیے ان کو کھڑا بھی نہیں رہنا ہوگا۔
استنبول کے رہنے والے گونول مرتکین بھی اپنے پوتے کے ہمراہ بیٹری سے چلنے والی نئی ٹرام میں سوار تھے، گولونل مرتکین کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی بہترین عمل ہے کہ ٹرام کو جدید بنایا جا رہا ہے، انہوں نے انتظامیہ کو بھی سراہا کہ اس نے ٹرام کی پرانی یادوں کے پہلو والی مشابہت کو برقرار رکھا ہے۔
استنبول کے میئر کے دفتر نے کہا ہے کہ اس کی منصوبہ بندی میں شامل ہے کہ پرانی ٹرام کو بتدریج ریٹائر کر دیا جائے اور اس کے بعد ان کو ٹرانسپورٹ میوزیم میں رکھا جائے،یہ ٹرانسپورٹ میوزیم ابھی منصوبہ بندی کے مراحل میں ہے۔ فی الوقت نئی سٹریٹ کار قدیم ٹرام کے ساتھ ہی چلائی جائے گی۔