کراچی: (رطابہ عروس) پاکستان کا جدید کمیونیکیشن سیٹلائٹ "پاک سیٹ ایم ایم ون" خلا میں جانے کیلئے تیار ہے۔
ہائی پاور ملٹی مشن سیٹلائٹ پاک سیٹ ایم ایم ون 30 مئی کو شیچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر چین سے خلا میں بھیجا جائے گا۔
ترجمان سپارکو کا کہنا ہے کہ سیٹلائٹ ایم ایم ون کی ٹیسٹنگ جاری ہے، ایم ایم ون پاکستانی سائنسدانوں اور انجینئرز کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔
ڈائریکٹر سپارکو عتیق الرحمن کے مطابق یہ سیٹلائٹ براڈ بینڈ انٹرنیٹ اور ٹی وی براڈ کاسٹنگ سروسز فراہم کرے گا، اب پاکستان کے دور دراز کے علاقوں میں بھی انٹرنیٹ کی سہولت خواب نہیں رہے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ سیٹلائٹ پاکستان میں نیویگیشن کی بہتر سہولیات بھی فراہم کرے گا اور اس سے پاکستان کو اقتصادی اور معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔
واضح رہے کہ یہ 2011 میں پاکستان کی جانب سے بھیجے گئے سیٹلائٹ پاک سیٹ ون آر کا جدید ورژن ہے جو کہ پہلے سے خلا میں موجود ہے اور جس کی ڈیزائن لائف 2026 میں مکمل ہو رہی ہے۔
جدید سیٹلائٹ "پاک سیٹ ایم ایم ون" کی لانچنگ 30 مئی کو سپارکو سے لائیو دکھائی جائے گی۔