اسلام آباد: (دنیا نیوز) واٹس ایپ پیغامات کے ذریعے سرکاری افسروں کا ڈیٹا چوری کرنے کی کوشش پر سائبر سکیورٹی ایڈوائزری جاری کردی گئی۔
جاری کی گئی ایڈوائزری میں کہا گیا جعلی واٹس ایپ پیغامات کے ذریعے سرکاری اداروں اور افسروں کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے، جعلی واٹس ایپ پیغامات ایس آئی ایف سی کے نام سے بھیجے جارہے ہیں، جعلی واٹس ایپ میسج 923557946757+ نمبر سے بھیجا جارہا ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا جعلی ایس آئی ایف سی دعوت نامے میں دھوکہ دہی پر مبنی لنکس بھیجے جاتے ہیں، لنکس پر کلک کرنے سے افسروں کا حساس ڈیٹا چوری ہوسکتا ہے، سرکاری افسر ایس آئی ایف سی کے نام سے موصول ہونے والے پیغامات کی پہلے تصدیق کریں۔
ایڈوائزری میں جعلی واٹس ایپ مہم سے محتاط رہنے اور ایکشن لینے کی سفارشات کی گئیں اور کہا گیا کہ سرکاری اداروں کے آفیشلز میسج کی صداقت اور تصدیق کے لئے ای امیل اور آفیشلز نمبر کا استعمال کیا جائے، محفوظ فائل ہینڈلنگ کے لئے طریقہ کار پر عملدرآمد کرایا جائے۔
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا کہ سٹاف کو سائبر سکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے لئے ٹریننگ اور تعلیم دی جائے، سرکاری ادارے، وزارتیں، ڈویژنز اور ذیلی ادارے سائبر خطرات سے تحفظ کے لئے حفاظتی اقدامات کریں۔