لاہور: (مفتی محمد وقاص رفیع) ماہِ محرم الحرام اسلامی تقویم کے اعتبار سے پہلا اور اُن چار مہینوں میں سے تیسرا مہینہ ہے جو اللہ تعالیٰ کے یہاں انتہائی عظمت و بزرگی والے شمار کئے جاتے ہیں۔
حضرت ابوبکر صدیقؓ سے روایت ہے کہ نبی اکرمﷺ نے (حجۃ الوداع کے موقع پر اپنے آخری خطبہ میں) ارشاد فرمایا کہ: ’’جس دن اللہ تعالیٰ نے زمین و آسمان کو پیدا کیا تھا اُس دن زمانہ کی جو رفتار تھی اب بھی وہی رفتار ہے (یعنی اب اس کے دنوں اور مہینوں میں کمی زیادتی نہیں ہے جو جاہلیت کے زمانے میں مشرک لوگ کیا کرتے تھے، بلکہ اب وہ ٹھیک ہو کر اس طرز پر آ گئی ہے جس پر ابتداء اور اصل میں تھی، لہٰذا) ایک سال بارہ مہینوں کا ہوتا ہے، اِن میں چار مہینے حرمت و عزت والے ہیں جن میں تین مہینے مسلسل ہیں یعنی ذی القعدہ، ذی الحجہ اور محرم اور ایک رجب کا مہینہ ہے جو کہ جمادی الثانی اور ماہِ شعبان کے درمیان آتا ہے۔ (صحیح بخاری: 5550، صحیح مسلم: 1679، سنن ابو داؤد: 1947)
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ اسلامی مہینوں کے نام اور اُن کی ترتیب انسانوں کی بنائی ہوئی نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی اپنی بنائی ہوئی ہے جس دن اللہ تعالیٰ نے زمین و آسمان کو پیدا کیا، اُسی دن یہ ترتیب، یہ نام اور ان مہینوں کے احکام و خواص بھی مقرر فرما دیئے، لہٰذا ان مہینوں کے شرعی احکامات کو ان کے مطابق ہی رکھنا چاہیے کہ یہی اصل دین ہے اور خلافِ شرع ہر قسم کی بدعات و رسومات سے حتیٰ الامکان اپنے آپ کو بچانا واجب ہے۔
ماہ محرم الحرام میں روزہ رکھنے کے حدیث شریف میں بڑے فضائل وارد ہوئے ہیں، حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے ارشاد فرمایا کہ ’’رمضان کے روزوں کے بعد سب سے بہترین روزے اللہ کے مہینے محرم کے روزے ہیں‘‘ (صحیح مسلم: 1163، سنن ابی داؤد: 2429، جامع ترمذی438، سنن نسائی:1613، سنن ابن ماجہ:1742)
محدثِ کبیر علامہ سید محمد یوسف بنوریؒ اِس حدیث کی تشریح میں فرماتے ہیں کہ حدیث میں محرم کے روزے سے صرف دسویں تاریخ یعنی یوم عاشور کا روزہ مراد نہیں بلکہ ماہِ محرم کے عام روزے مراد ہیں ( جامع ترمذی: ج 06، ص99)۔
حضرت مجیبہ باہلیہؒ اپنے والد یا اپنے چچا سے نقل کرتی ہیں کہ وہ رسول اللہﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے، پھر وہ چلے گئے اور ایک سال کے بعد آئے، اُس وقت اُن کی حالت اور اُن کی ہیئت متغیر ہو چکی تھی، اُنہوں نے عرض کیا: ’’اے اللہ کے رسول ﷺ! کیا آپﷺ نے مجھے نہیں پہچانا؟‘‘آپﷺ نے ارشاد فرمایا: ’’تم کون ہو؟‘‘۔ عرض کیا ’’میں باہلی ہوں جو گزشتہ برس آپ کی خدمت میں حاضر ہوا تھا‘‘ آپﷺ نے دریافت فرمایا: ’’تمہیں کس چیز نے متغیر کر دیا ہے حالانکہ تم تو اچھی ہیئت والے تھے؟‘‘ عرض کیا: ’’میں جب سے آپﷺ سے جدا ہوا ہوں میں نے صرف رات کا ہی کھانا کھایا، آپ ﷺ نے فرمایا: ’’اپنے آپ کو کیوں عذاب میں ڈال رکھا ہے؟‘‘پھر فرمایا: ’’صبر( یعنی رمضان) کے مہینے کے روزے رکھا کرو! اور ہر مہینے میں ایک دن کا روزہ رکھ لیا کرو!۔
اُنہوں نے عرض کیا کہ مجھے اس سے زیادہ کی طاقت ہے، لہٰذا میرے لئے اور اضافہ کیجئے! آپﷺ نے ارشاد فرمایا کہ: ’’ہر مہینے میں دو دن روزہ رکھ لیا کرو! اُنہوں نے عرض کیا کہ میرے لئے اور اضافہ کیجئے! ( کیوں کہ مجھے اس سے زیادہ کی طاقت ہے) آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ: ’’ہرمہینے میں تین دن روزہ رکھ لیا کرو‘‘، اُنہوں نے عرض کیا کہ میرے لئے اور اضافہ کیجئے! آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا: ’’حرمت والے مہینوں (ذی قعدہ، ذی الحجہ، محرم اور رجب) میں روزے رکھ (بھی) لیا کرو اور چھوڑ (بھی) دیا کرو! (آپ ﷺ نے یہ بات تین مرتبہ ارشاد فرمائی) اور آپﷺ نے اپنی تین انگلیوں سے اشارہ فرمایا، ان کو ساتھ ملا دیا پھر چھوڑ دیا (جس کا مطلب یہ تھا کہ ان مہینوں میں تین دن روزہ رکھ لیا کرو اور تین دن افطار (ناغہ) کر لیا کرو! اور اسی طرح کرتے رہو)۔ (سنن ابو داؤد: 2428، سنن ابن ماجہ: 1741)
حضرت علی المرتضیٰؓ سے روایت ہے کہ اُن سے کسی شخص نے دریافت کیا کہ ماہِ رمضان کے بعد آپؓ کس مہینے میں مجھے روزے رکھنے کا حکم دیتے ہیں؟ تو آپؓ نے ارشاد فرمایا کہ میں نے کسی کو بھی اس بارے میں سوال کرتے ہوئے نہیں دیکھا سوائے ایک شخص کے جس نے رسول اللہ ﷺ سے اُس وقت یہ سوال کیا تھا جبکہ میں آپﷺ کے پاس حاضر تھا، اُس آدمی نے پوچھا تھا کہ اے اللہ کے رسولﷺ ماہِ رمضان کے روزوں کے بعد میرے لئے کس مہینے میں روزے رکھنے کا حکم ہے؟ آپﷺ نے ارشاد فرمایا تھا کہ ماہِ رمضان کے روزوں کے بعد اگر تم روزے رکھنا چاہتے ہو تو ماہِ محرم کے روزے رکھا کرو! کیوں کہ یہ اللہ تعالیٰ کا وہ مہینہ ہے کہ جس کے ایک دن اللہ تعالیٰ نے ایک قوم (بنی اسرائیل) کی توبہ قبول کی تھی اور اسی دن دوسرے لوگوں کی بھی توبہ قبول فرمائے گا۔ (جامع ترمذی: 741)
یہ تو اس پورے مہینے میں روزے رکھنے کی عام فضیلت تھی جو اُوپر بیان ہوئی، لیکن اس مہینے میں عاشورہ یعنی دس محرم کے دن کی جو خاص فضیلت احادیث مبارکہ میں وارد ہوئی ہے وہ اس مہینے کے دیگر تمام دنوں سے کہیں زیادہ ہے، حضرت عبد اللہ بن عباسؓ فرماتے ہیں کہ ’’میں نے نبی کریم ﷺ کو سوائے عاشورہ ( دس محرم) کے دن اور رمضان کے مہینے کے علاوہ کسی خاص دن روزہ رکھنے کا اہتمام اور اس دن کو کسی دوسرے دن پر فضیلت دیتے ہوئے نہیں دیکھا‘‘ (صحیح بخاری: 2006)۔
حضرت ابو قتادہ انصاریؓ کی ایک لمبی حدیث میں آتا ہے کہ رسول اللہﷺ نے عاشورہ (دس محرم ) کے دن کے روزے کی فضیلت بیان کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ: ’’میں اللہ تعالیٰ سے اُمید رکھتا ہوں کہ عرفہ (نو ذی الحجہ) کا روزہ رکھنا گزشتہ اور آنے والے سالوں کے (صغیرہ) گناہوں کا کفارہ ہوجاتا ہے اور میں اللہ تعالیٰ سے (اس بات کی بھی) اُمید رکھتا ہوں کہ عاشورہ (دس محرم) کا روزہ گزشتہ ایک سال کے (صغیرہ) گناہوں کا کفارہ ہوجاتا ہے۔ (صحیح مسلم:1162،سنن ابو داؤد:2425، جامع ترمذی: 749، سنن ابن ماجہ: 1730)۔
حضرت معاویہؓ فرماتے ہیں کہ میں نے نبی کریمﷺ کو یہ ارشاد فرماتے ہوئے سنا کہ: ’’یہ (آج) عاشورہ (دس محرم) کا دن ہے، اور تمہارے اُوپر اس دن کا روزہ فرض نہیں کیا گیا لیکن میں روزہ سے ہوں، سو (تم میں سے) جو شخص (اس دن ) روزہ رکھنے کو پسند کرے تو اُسے چاہیے کہ وہ روزہ رکھ لے‘‘( صحیح ابن حبان: 3626)
حضرت ابن عباسؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ جب مکہ مکرمہ سے ہجرت فرما کر مدینہ منورہ تشریف لائے تو آپﷺ نے یہودیوں کو دس محرم کے دن روزہ رکھتے ہوئے دیکھا (اسلام سے پہلے زمانہ جاہلیت میں لوگ اس دن روزہ رکھا کرتے تھے، آپﷺ نے اُن سے پوچھا کہ اس دن کی کیا خصوصیت ہے کہ تم روزہ رکھتے ہو؟ انہوں نے کہا کہ یہ بڑا عظیم (اور نیک) دن ہے۔
اسی دن اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ علیہ السلام اور اُن کی قوم کو نجات دی تھی (اور فرعون پر غلبہ عطاء فرمایا تھا) اور فرعون اور اُس کی قوم کو غرق (اور تباہ) فرمایا تھا، چوںکہ حضرت موسیٰ علیہ السلام نے بطورِ شکر (اور بطورِ تعظیم) کے اس دن روزہ رکھا تھا اس لئے ہم بھی اس دن روزہ رکھتے ہیں، تو رسول اللہ ﷺنے ارشاد فرمایا کہ: ’’تمہارے مقابلے میں ہم حضرت موسیٰ علیہ السلام سے زیادہ قریب ہیں (اور بطورِ شکر روزہ رکھنے کے ) زیادہ حق دار ہیں، چنانچہ آپ ﷺنے عاشورہ (دس محرم) کے دن خود بھی روزہ رکھا اور دوسروں کو بھی روزہ رکھنے کی تلقین ارشاد فرمائی‘‘ (بخاری: 3397، صحیح مسلم: 1130)۔
حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ فرماتے ہیں کہ یہودی عاشورہ (دس محرم) کے دن کی بہت زیادہ تعظیم کیا کرتے تھے اور اس دن عید منایا کرتے تھے، پس رسول اللہﷺ نے ارشاد فرمایا کہ ’’تم اس دن روزہ رکھا کرو‘‘ (صحیح بخاری: 2005 )
حضرت عطاء رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ اُنہوں نے عاشورہ کے دن کے بارے میں حضرت ابن عباسؓ کو یہ فرماتے ہوئے سنا کہ : ’’تم عاشورہ (دس محرم) کے دن کا روزہ رکھا کرو! اور اس میں یہودیوں کی مخالفت کیا کرو (کہ وہ صرف ایک دن (دس محرم) کا روزہ رکھتے ہیں اور تم اس کے ساتھ ) اس سے ایک دن پہلے (یعنی نو محرم) کا یا اس سے ایک دن بعد (یعنی گیارہ محرم) کا روزہ بھی رکھ لیا کرو‘‘(مصنف عبد الرزاق: 7839، مسند احمد، شرح معانی الآثار)
حضرت ابن عبادؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے ارشاد فرمایا: ’’اگر آئندہ برس تک میں باقی رہا تو میں ضرور نویں محرم کا بھی روزہ رکھوں گا۔(صحیح مسلم:133، 1134، سنن ابن ماجہ: 1736، مسند احمد: 3213)
حضورِ اقدسﷺ کے مذکورہ بالا ارشادات کے پیش نظر عاشورہ (دس محرم) کے دن کا روزہ رکھنا چوںکہ یہودیوں کی مشابہت سے خالی نہ تھا، نیز اس کو چھوڑ دینا بھی اس کے فضائل و برکات سے محرومی کا باعث تھا، اس لئے فقہائے کرام نے نبی کریمﷺ کے ان ارشادات کی رُوشنی میں فرمایا ہے کہ تنہا عاشورۃ (دس محرم) کے دن کا روزہ رکھنا اگرچہ فی نفسہٖ صحیح اور جائز ہے لیکن چوںکہ اس میں یہودیوں سے مشابہت ہے اس لئے مکروہِ تنزیہی یعنی خلافِ اولیٰ ہے، افضل یہ ہے کہ اس کے ساتھ ایک دن اس سے پہلے کا یا ایک دن اس کے بعد کا بھی روزہ رکھے۔( صحیح المسلم:ج 03 ص 46 ،مشکوٰۃ المصابیح: 08ص293)
مفتی محمد وقاص رفیع اسلامک ریسرچ سکالر ’’الندوہ‘‘ ایجوکیشنل ٹرسٹ اسلام آباد ہیں۔