راولپنڈی: (دنیا نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت کا فیصلہ کر لیا۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی اے پی سی میں شرکت کرے گی اور حکومت کا مؤقف سنے گی۔
سابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ امن و امان کا ملکی ایشو ہے، ملک کی خاطر اے پی سی میں شرکت کریں گے، جب تک افغانستان سے تعلقات بہتر نہیں ہوتے ہم ٹی ٹی پی سے نہیں جیت سکتے۔
"مرنے کیلئے تیار، کبھی غلامی نہیں کروں گا"
انہوں نے کہا ہے کہ کبھی غلامی نہیں کروں گا، جیل میں مرنے کے لئے تیار ہوں، جب تک زندہ ہوں لڑوں گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مریم نواز،نواز شریف،خواجہ آصف کے بیانات کی ویڈیوز موجود ہیں، کے پی حکومت کو کہوں گا انکی ویڈیوز نکال کر ان پر خیبر پختونخوا میں ایف آئی رز درج کریں۔
بانی پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ عزم استحکام آپریشن پر ہمارے تحفظات موجود ہیں، اس آپریشن سے ملک میں عدم استحکام بڑھے گا۔