نیویارک: (ویب ڈیسک) واٹس ایپ پر اب تک کے منفرد فیچر کی آزمائش شروع کر دی گئی۔
واٹس ایپ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق ایپلی کیشن پر دستاویزات کو ’اسکین‘ کرنے کے فیچر کی آزمائش کا آغاز ہوگیا۔
فوری طور پر مذکورہ فیچر تک محدود صارفین کو رسائی دی گئی ہے، پہلے مرحلے کی کامیاب آزمائش کے بعد اس تک مزید صارفین کو رسائی دی جائے گی، فیچر کے تحت صارفین واٹس ایپ کی مدد سے ہر طرح کے دستاویزات کو اعلیٰ کوالٹی میں نہ صرف سکین کر سکیں گے بلکہ سکیننگ کے بعد فوری طور پر اسے دوسرے صارف کو بھیج بھی سکیں گے۔
فیچر کے تحت واٹس ایپ پر موبائل کیمرے کے ذریعے ہی دستاویزات کو سکین کیا جا سکے گا، ممکن ہے کہ واٹس ایپ سکیننگ کو اپنے کیمرے میں بھی شامل کرے۔
فیچر کے تحت جیسے ہی صارفین دستاویزات بھیجنے کے آپشن پر کلک کریں گے، انہیں دستاویزات کو سکین کرنے کا آپشن دیا جائے گا اور مذکورہ آپشن کو کلک کرنے کے بعد ڈیوائس یا واٹس ایپ کا کیمرا از خود سکیننگ کیلئے تیار ہوجائے گا۔
صارفین دوسری سکیننگ ایپلی کیشنز کی طرح واٹس ایپ پر فوری طور پر دستاویزات کو سکین کر سکیں گے اور انہیں دوسری ایپلی کیشنز کی طرح سکین شدہ دستاویزات کو بہتر بنانے کا آپشن بھی فراہم کیا جائے گا۔
مذکورہ فیچر ابھی ابتدائی آزمائشی مرحلے میں ہے، دوسرے مرحلے میں اس کی آزمائش کو بڑھایا جائے گا جس کے بعد اسے عام صارفین کیلئے متعارف کرایا جائے گا۔
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ واٹس ایپ پر سکیننگ کے فیچر کو 2025 کی پہلی سہ ماہی میں متعارف کرا دیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔