12اپریل خلائی تحقیق کی لامحدود صلاحیتوں کی اہمیت اجاگر کرتا ہے :ترجمان پاسکو

Published On 12 April,2025 04:52 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) اقوام متحدہ نے12اپریل کو انسانی خلائی پرواز کا بین الاقوامی دن قرار دیا ہے۔

ترجمان سپارکوکے مطابق یہ دن 1961 میں یوری گاگارین کے پہلے انسانی خلائی سفر کی یاد دلاتا ہے، یہ دن خلائی تحقیق کی لامحدود صلاحیتوں کی اہمیت اجاگر کرتا ہے۔

چیئرمین سپارکو کا کہنا تھا کہ سپارکو پاکستانیوں کے لیے خلائی ٹیکنالوجی کو قابل رسائی بنانے اور عالمی خلائی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے، اس دن کے موقع پر سپارکو طلباء اور محققین پر زور دیتا ہے کہ وہ خلائی سائنسز میں فعال کردار ادا کریں تاکہ پاکستان زمین سے باہر انسانیت کے سفر میں اہم حصہ دار بن سکے۔

انہوں نے کہا کہ سپارکو کے حالیہ اقدامات میں پاکستان کے چاند پر روور مشن اور خلاباز پروگرام شامل ہیں، جس کا مقصد پاکستانی خلابازوں کو چینی خلائی سٹیشن (CSS) پر مستقبل کے مشنز کے لیے تیار کرنا ہے ۔

ترجمان سپارکو کا مزید کہنا تھا کہ خلا کو حتمی سرحد تسلیم کرتے ہوئے سپارکو مختلف شعبوں میں ملک کی ترقی میں ایک اہم کردار ادا کرتا رہا ہے، اس تاریخی دن پر، سپارکو خلائی تحقیق اور ٹیکنالوجی میں عمدگی کے حصول اور پاکستان کے خلائی مستقبل کے لیے نئے معیارات قائم کرنے کے اپنے عزم کی تجدید کرتا ہے۔