خلاصہ
- کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) واٹس ایپ ایک نئے فیچر پر کام کر رہا ہے جس کے ذریعے والدین اپنے بچوں کیلئے الگ اکاؤنٹ بنا سکیں گے، جس میں محدود خصوصیات اور سخت پرائیویسی کنٹرولز ہوں گے، کمپنی کا مقصد بچوں کی آن لائن حفاظت کو بڑھانا ہے اور نامعلوم رابطوں کے ساتھ غیر ضروری رابطے روکنا ہے۔
ویب بیٹا انفو کے مطابق اس سیکنڈری اکاؤنٹ میں والدین کو بچوں کی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کیلئے معلومات فراہم کی جائیں گی، جیسے کہ کب نیا رابطہ شامل کیا جارہا ہے، تاہم واٹس ایپ یہ بھی واضح کر رہا ہے کہ تمام مواد اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے تحت محفوظ رہے گا اور کسی بھی غیر متعلقہ فرد تک رسائی ممکن نہیں ہوگی۔
اس فیچر کے تحت بچے کے اکاؤنٹ کو والدین کے اکاؤنٹ سے جوڑنے کیلئے کیو آر کوڈ سکین کرنا ہوگا، اس کے بعد والدین کو 6 ہندسوں کا پن بنانا ہوگا، جو بچوں کو غیر مجاز تبدیلیوں سے روکنے کیلئے استعمال ہوگا اور بچے کے اکاؤنٹ کے سیٹ اپ میں بھی ضروری ہوگا۔
نئے فیچر میں بچوں کے اکاؤنٹ پر کئی پابندیاں ہوں گی، بچوں کو مواد کو پبلک طور پر شیئر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، وہ چینلز تک رسائی حاصل نہیں کرسکیں گے اور چیٹس چھپانے کا اختیار بھی نہیں ہوگا۔
واٹس ایپ کا یہ فیچر ابھی ٹیسٹنگ کے مراحل میں ہے، اسے مستقبل کے اپ ڈیٹس میں تمام صارفین کے لیے جاری کیا جائے گا۔