سب میرین کیبل کی مرمت مکمل، ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس معمول پر آگئی

سب میرین کیبل کی مرمت مکمل، ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس معمول پر آگئی

پی ٹی اے کے مطابق کیبل میں خرابی کے باعث گزشتہ روز متعدد صارفین کو انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی اور کنیکٹیویٹی کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم اب مرمتی کام مکمل ہونے کے بعد انٹرنیٹ ٹریفک معمول کے مطابق چل رہی ہے اور سروس بلا تعطل فراہم کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کے مختلف شہروں سے انٹرنیٹ سست ہونے کی متعدد شکایات موصول ہوئی تھیں۔

انٹرنیٹ سروسز پر نظر رکھنے والے پلیٹ فارم ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق بھی کئی علاقوں میں صارفین نے کنیکٹیویٹی کے مسائل رپورٹ کئے تھے جس سے روزمرہ آن لائن سرگرمیاں اور ڈیجیٹل سروسز متاثر ہوئی تھیں۔

اس سے قبل پی ٹی اے نے اپنے بیان میں واضح کیا تھا کہ SEA-ME-WE 5 (SMW5) بین الاقوامی سب میرین کیبل میں تکنیکی خرابی کے باعث انٹرنیٹ سروس کے معیار پر عارضی اثرات مرتب ہوئے تھے جبکہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی تھی۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ خرابی مکمل طور پر دور کئے جانے کے بعد اب صارفین کو انٹرنیٹ کی فراہمی بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہے۔