یوٹیوب شارٹس میں تصاویر پر مبنی پوسٹس کا نیا فیچر متعارف

یوٹیوب شارٹس میں تصاویر پر مبنی پوسٹس کا نیا فیچر متعارف

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فیچرز کا مقصد صارفین کو ویڈیوز کے ساتھ ساتھ تصویری سٹوریز بھی آسانی سے تخلیق اور شیئر کرنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ نئے فیچر کے تحت صارفین 10 تصاویر پر مشتمل سلائیڈ شو طرز کی پوسٹس بنا سکیں گے، ان تصاویر پر ٹیکسٹ شامل کرنے کے ساتھ ساتھ 15 سیکنڈ تک کا بیک گراؤنڈ میوزک بھی لگایا جا سکے گا، جس سے مکمل ویڈیو ایڈٹ کیے بغیر بھی پرکشش مواد تیار کرنا ممکن ہوگا۔

دوسری جانب کمپنی کا کہنا تھا کہ ان فیچرز کا مقصد صارفین کو شارٹس فیڈ میں براہِ راست تصویری سٹوریز شیئر کرنے کا آسان طریقہ فراہم کرنا ہے۔

یہ فیچر کافی حد تک انسٹاگرام اور ٹک ٹاک کے تصویری پوسٹس فارمیٹ سے مماثلت رکھتا ہے، جہاں اس نوعیت کا مواد خاصا مقبول ہے۔

یوٹیوب نے حال ہی میں شارٹس کے انٹرفیس میں بھی متعدد تبدیلیوں کا اعلان کیا تھا، ان میں نیا "کلیئر اسکرین موڈ" شامل ہے، جو ویڈیو دیکھنے کے دوران آئیکونز اور ٹیکسٹ کو عارضی طور پر چھپا دیتا ہے تاکہ صارف کی توجہ صرف ویڈیو پر مرکوز رہے۔

مزید برآں، صارفین اب شارٹس ویڈیوز کو دوگنی رفتار (2x) سے بھی دیکھ سکیں گے، جبکہ لائیک بٹن کے لیے تھمبز اپ کی جگہ ہارٹ آئیکون متعارف کرایا جا رہا ہے۔

کمپنی نے ڈس لائیک بٹن ختم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے، جس کی جگہ "Not Interested" اور "Don t Recommend This Channel" جیسے نئے آپشنز فراہم کیے جائیں گے تاکہ صارفین اپنے دیکھنے کے تجربے کو بہتر انداز میں کنٹرول کر سکیں۔