حکومت کا سوشل میڈیا ریگولیشن مزید سخت کرنے کا فیصلہ

حکومت کا سوشل میڈیا ریگولیشن مزید سخت کرنے کا فیصلہ

ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر بچوں کے استحصال اور فحاشی کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر سوشل میڈیا کے استعمال کے لیے عمر کی حد مقرر کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فیملی وی لاننگ کے نام پر فحاشی کو کنٹرول کرنے کے لیے بھی مختلف تجاویز شامل کی گئی ہیں، جبکہ کئی ممالک کی طرز پر بعض سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی عائد کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا جائے گا۔

وزارت داخلہ میں ہونے والے اجلاس کے دوران تمام تجاویز پر مشاورت کے بعد حتمی فیصلے کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) اور وفاقی و صوبائی پولیس حکام شریک ہوں گے۔

اجلاس میں بچوں کے استحصال اور فحاشی سے متعلق کیسز کا جائزہ بھی پیش کیا جائے گا، جبکہ آسٹریلیا سمیت مختلف ممالک کی سوشل میڈیا پالیسیوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔