ٹیکنالوجی
خلاصہ
- نیویارک: (ویب ڈیسک) ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کے جیمینائی اے آئی ماڈل نے سائبر سکیورٹی کی صلاحیتوں کے ایک ٹیسٹ کے دوران انٹرنیٹ پر دستیاب معلومات استعمال کرتے ہوئے 3 ویب سائٹس تک رسائی حاصل کر لی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ واقعہ مئی میں آزاد سائبر سکیورٹی ادارے ’اِرریگولر‘ کی جانب سے کئے گئے جائزے کے دوران پیش آیا، ٹیسٹ میں جیمینائی نے آن لائن دستیاب معلومات تلاش کیں اور اندازے سے حاصل کی گئی کریڈینشلز کے ذریعے تین ویب سائٹس تک رسائی حاصل کی۔
گوگل کی سکیورٹی انجینئرنگ کی نائب صدر ہیدر ایڈکنز کے مطابق تینوں اداروں کو واقعے سے آگاہ کر دیا گیا تھا اور ٹریننگ پارٹنر کے ساتھ مل کر ٹیسٹنگ کے طریقہ کار میں تبدیلیاں کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ طاقتور اے آئی ماڈلز کو ذمہ دارانہ انداز میں کام کرنے کی تربیت دینے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
اِرریگولر کے ترجمان نے بتایا کہ متعلقہ اداروں کو جولائی کے آخر میں آگاہ کر دیا گیا تھا اور معلوم ہونے والے تمام مسائل کو چند ہفتے قبل حل کر دیا گیا۔