خلاصہ
- شارجہ: (سید مدثر خوشنود) شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر کے 45ویں ایڈیشن میں معروف عرب یوٹیوبر اور سائنسی پروگرام ’’شارع العلوم‘‘ کے میزبان عبداللہ عنان نے حیرت انگیز سائنسی تجربات سے شائقین کی توجہ حاصل کرلی۔
’’ناممکن یا سائنس؟‘‘ کے عنوان سے منعقدہ خصوصی شو میں آگ، روشنی، مائع نائٹروجن اور کیمیائی تعاملات کے عملی مظاہرے پیش کیے گئے، جنہوں نے کتاب میلے کے اسٹیج کو جدید سائنسی تجربہ گاہ میں تبدیل کر دیا۔
شارجہ بک اتھارٹی کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک کروڑ 80 لاکھ سے زائد فالوورز رکھنے والے عبداللہ عنان نے بچوں اور بڑوں کو مختلف تجربات کے ذریعے سمجھایا کہ بظاہر ناممکن دکھائی دینے والے مناظر کے پیچھے بھی قابلِ فہم سائنسی اصول کارفرما ہوتے ہیں۔
پروگرام کا آغاز ایک دلچسپ تجربے سے ہوا، جس میں ایک بچے کو میز پر لٹایا گیا اور کچھ دیر بعد میز ہوا میں بلند ہوتی دکھائی دی، عبداللہ عنان نے اس منظر کی تکنیک واضح کرتے ہوئے کہا کہ حیران کن مظاہر کو غیر معمولی طاقت سمجھنے کے بجائے ان کی سائنسی وجوہات تلاش کرنی چاہییں۔
شو کے دوران شیشے کی بوتلوں میں شعلوں کی حرکت، حرارت کی منتقلی اور روشنی کے اصولوں سے متعلق تجربات کیے گئے۔ لیزر شعاعوں، سائے اور بصری دھوکے کے ذریعے بھی بچوں کو روشنی کے مختلف رویوں سے آگاہ کیا گیا۔
تقریب کے ایک نمایاں حصے میں مائع نائٹروجن کے تجربات پیش کیے گئے، جس کا درجہ حرارت منفی 196 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچتا ہے، غباروں اور مخصوص سائنسی آلات کی مدد سے انتہائی سرد درجہ حرارت کے اثرات دکھائے گئے، جبکہ ایک تجربے کے دوران سفید دھوئیں جیسا گھنا بادل پورے اسٹیج پر پھیل گیا۔
پروگرام میں ہائیڈروجن گیس کے ذریعے کنٹرول شدہ دھماکے اور ’’ایلیفنٹ ٹوتھ پیسٹ‘‘ کے نام سے مشہور کیمیائی تجربے کا مظاہرہ بھی کیا گیا، جس میں بڑی مقدار میں جھاگ تیزی سے پھیلتی دکھائی دی۔
عبداللہ عنان نے واضح کیا کہ آگ، گیس اور کیمیائی مادوں سے متعلق ایسے تجربات گھروں میں ہرگز نہیں کرنے چاہئیں، کیونکہ انہیں ماہر سائنسی ٹیم کی نگرانی اور سخت حفاظتی انتظامات کے تحت انجام دیا جاتا ہے۔
پروگرام کے اختتام پر انہوں نے شارجہ میں بچوں کی سائنس سے دلچسپی اور سیکھنے کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے براہِ راست سائنسی شوز پیش کرنا ان کیلئے منفرد اور خوشگوار تجربہ ہے۔