میٹا کا انسٹاگرام ڈائریکٹ میسجنگ کو الگ ایپ بنانے کا فیصلہ

میٹا کا انسٹاگرام ڈائریکٹ میسجنگ کو الگ ایپ بنانے کا فیصلہ

نئی ایپ کے ذریعے صارفین انسٹاگرام اکاؤنٹ کے بغیر بھی دوسروں کو پیغامات بھیج سکیں گے۔ اس اقدام کا مقصد میسجنگ کے تجربے کو مزید آسان اور صارفین کے لیے مخصوص بنانا ہے۔

واضح رہے کہ انسٹاگرام میں ڈائریکٹ میسجنگ کا فیچر 2013 میں متعارف کرایا گیا تھا، جس کے ذریعے صارفین فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم پر ایک دوسرے سے پیغامات کے ذریعے رابطہ کرسکتے تھے۔

اب میٹا اس فیچر کو فیس بک میسنجر کی طرز پر مرکزی ایپ سے الگ کرکے مستقل میسجنگ ایپ کی شکل دینے جا رہی ہے۔

نئی ایپ میں ون آن ون اور گروپ چیٹ کی سہولت دستیاب ہوگی، جبکہ ڈرائنگ، ذاتی نوعیت کے اسٹیکرز، وائس ایفیکٹس اور چیٹ تھیمز سمیت انسٹاگرام کے متعدد فیچرز بھی شامل کیے جائیں گے۔

فی الحال یہ نئی ایپ صرف ترکیہ اور تھائی لینڈ کے صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ میٹا کے مطابق 13 سال سے زائد عمر کے افراد ہی اس ایپ کو استعمال کرسکیں گے۔