لندن: (روزنامہ دنیا) خوبصورت نظر آنے کیلئے اپنا بدن چھدوانے والی ایک مشہور فنکارہ نے اپنے ہاتھ کی چھوٹی انگلی کو تار کٹر کی مدد سے اس وقت کاٹ ڈالا جب انہوں نے اس پر ایک ہیٹ نما زیور پہننے کا ارادہ کیا۔
ایسیکس کی رہائشی ٹورز رینلڈز نے بتایا وہ 10 سال سے اپنی انگلی کاٹنے کے بارے میں سوچ رہی تھی کیونکہ اس طرح انگلی پر پہنا ہیٹ نما زیور بہت خوبصورت دکھائی دے گا۔ رپورٹ کے مطابق کئی افراد نے کٹی ہوئی انگلی پر لگے ہیٹ کو پسند کیا ہے اورخود وہ بھی اس پر بہت خوش ہیں۔ یہ انگلی انہوں نے رات کے کھانے کے بعد اپنے دوست کی مدد سے کاٹی اور وہ اس پر مسرور ہیں۔
واضح رہے کہ ٹورز نے اپنے جسم میں تبدیلیوں کیلئے بہت عجیب اقدام بھی اٹھائے ہیں۔ 2014 میں ان کے پرانے دوست نے ان کے ساتھ بے وفائی کی تو اس کی یاد میں بنایا ہوا جسمانی ٹیٹو انہوں نے کھرچ کھرچ کر صاف کردیا ۔کھال کے جس حصے پر انہوں نے اپنے بوائے فرینڈ کا نام لکھا تھا اسے کاٹ کر انہوں نے ایک لفافے میں رکھ کر اپنے سابق دوست کو ڈاک کے ذریعے اس کے گھر بھجوادیا تھا۔