قاہرہ: (ویب ڈیسک) مصر کے جنوبی علاقے میں وسیع وعریض رقبے پر پھیلے ہوئے قدیمی قبرستان کی دریافت ہوئی ہے۔ قبرستان سے سونے کا ایک تاج، چالیس تابوت اور ایک ہزار کے قریب مجسموں کے علاوہ برتن، زیورات اور دیگر اہم سازوسامان کے حصے ملے ہیں
یہ قدیمی قبرستان تونہ الجبل سے چار کلومیٹر دور شمال میں واقع ہے۔ مصری وزیر برائے عہد قدیم خالد العینی کا کہنا ہے کہ یہ دریافت صرف ایک شروعات ہے۔ میرے خیال میں ہمیں اس قبرستان میں موجود اشیا کو نکالنے اور ان کے تجزیے کے لیے پانچ سال درکار ہوں گے۔ اس دریافت سے قدیمی مصری تہذیب کے بارے میں مزید معلومات حاصل ہوں گی۔
انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ وسیع وعریض رقبے پر پھیلے ہوئے اس قبرستان سے سونے کا ایک تاج، چالیس تابوت اور ایک ہزار کے قریب مجسموں کے علاوہ برتن، زیورات اور دیگر اہم سازوسامان کے حصے بھی ملے ہیں۔ العینی نے مزید بتایا کہ اس مقام پر2017 میں کھدائی کا کام شروع کیا گیا تھا۔ اس منصوبے میں جرمن شہروں میونخ اور ہلڈس ہائم کے ماہرین آثار قدیمہ کے علاوہ مصری ماہرین بھی شامل ہیں۔
حالیہ کچھ مہینوں کے دوران مصر میں ایسے کئی اہم قدیمی مقامات کی دریافت ہوئی ہے۔ ان میں جنوبی شہر الاقصر میں ملنے والے مقبرے بھی شامل ہیں۔ اسی ماہ کے آغاز پر ماہرین آثار قدیمہ نے چار ہزار چار سو سال پرانے ایک مقبرے کی دریافت بھی کی تھی۔