نرسوں کےحقوق کی جنگ، ڈاکٹروں نےاپنی تنخواہیں کم کرنےکا مطالبہ کردیا

Published On 10 Mar 2018 09:37 PM 

اوٹاوا: (ویب ڈیسک) کینیڈا کے 700 سے زائد ڈاکٹروں اور میڈیکل کے طالب علموں نے نرسوں کے حقوق کے لیے اپنی تنخواہوں میں کمی کا مطالبہ کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کینیڈا کے صوبے کیوبیک میں 700 سے زائد فزیشن اورمیڈیکل کے طالب علموں نے نرسوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے خلاف آن لائن درخواست پردستخط کرتے ہوئے اپنی تنخواہوں میں کمی کرنے کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ نرسوں کو بہتر سہولیات مہیا کی جا سکیں۔

کینیڈا کی ایک نرس ملی ریچرڈ کی جانب سے پوسٹ کی گئی تھی جس میں نرس نے اپنی آنسوؤں سے بھری تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ رات کی نوکری کی وجہ سے بہت تھک گئی ہے ، جس کی وجہ اکیلے 70 سے زائد مریضوں کی تیمارداری کرنا ہے۔ جسم اور پٹھوں میں شدید درد کی وجہ سے انھیں نیند تک نہیں آرہی۔ نرس کی پوسٹ سامنے آنے کے بعد کینیڈا کے فزیشن نے اپنی تنخواہیں کم کرنے کا مطالبہ کیا تھا تاکہ نرسوں کو ریلیف مل سکے۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ تنخواہیں صرف ہماری بڑھائی جاتی ہیں لیکن اُن کی تنخواہیں نہیں بڑھائی جاتیں جو مریضوں کی دیکھ بھال کرتے ہیں۔ کیوبیک وزیر صحت نے اپنے رد عمل میں کہا کہ اگر فزیشنز اور دیگر میڈیکل کے طالب علموں کی تنخواہیں زیادہ ہیں تو وہ اپنی تنخواہیں میری ٹیبل پر رکھ دیں میں اُن تمام پیسوں کا اچھا استعمال کروں گا۔

نرس نے اپنی پوسٹ میں وزیر صحت گتن بریٹ پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ صحت کے شعبے میں تبدیلی کا بیان سمجھ سے بالاتر ہے کیوں کہ مجھے نہیں معلوم انھیں اس طرح کی غلط خبریں کون دے رہا ہے جب کہ حقائق اس کے الٹ ہے صحت کا نظام تباہ ہو رہا ہے۔