برن: (ویب ڈیسک) سوئٹزرلینڈ میں پولیس کو مجرم بطخ کی تلاش، متعدد بار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی بطخ ابھی تک پولیس کے قابو میں نہیں آئی۔
جرمن نیوز ویب سائٹ کے مطابق سوئٹزرلینڈ کے ایک رہائشی علاقے میں حد رفتار تیس کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر ہے لیکن وہاں نصب کیمروں نے بطخ کو 2 مرتبہ حد رفتار سے تجاوز کرتے ہوئے پکڑا ہے۔ سوئس پولیس کے مطابق سوئٹزرلینڈ کے شہر برن میں ٹریفک کے لیے حد رفتار تیس کلو میٹر فی گھنٹہ مقرر ہے۔ جہاں رفتار پر نظر رکھنے والے کیمروں نے حد رفتار کی خلاف ورزی کرنے والی بطخ کی تصویریں کھینچ لیں۔ بطخ مقررہ حد سے بیس کلو میٹر تیز پرواز کر رہی تھی، یعنی تیس کی بجائے باون کلو میٹر فی گھنٹہ اور وہ بھی ایک مرتبہ نہیں، بلکہ تین روز کے اندر دو مرتبہ کیمرے نے اوور اسپیڈنگ کرنے والی بطخ کی تصویر کھینچی۔
سوئس پولیس نے مقررہ حد سے کہیں تیز پرواز کرنے والی بطخ کی دونوں تصویریں جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بطخ کم بلندی پر باون کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کر رہی تھی جب کہ اس علاقے میں حد رفتار تیس کلو میٹر فی گھنٹہ مقرر ہے۔ بہرحال بطخ کی خوش قسمتی ہے کہ اسے کیمرے کی آنکھ نے تو پکڑ لیا لیکن وہ ابھی تک پولیس کے قابو میں نہیں آئی۔