تہران: (دنیا نیوز) ایران میں فٹ بال میچ دیکھنے کے لیے ایڈونچر کی شوقین خواتین نے انوکھی کارروائی کی، تہران کے آزادی سٹیڈیم میں مصنوعی داڑھی اور وگ لگا کر پہنچ گئیں۔
ایران میں خواتین کا انوکھا کارنامہ، تہران سٹیڈیم میں مصنوعی داڑھی اور وِگ لگا ئے خواتین، مردوں کا روپ دھار کر فٹ بال میچ دیکھنے آگئیں۔ ایڈونچر کی شوقین لڑکی نے پہلے انٹرنیٹ سے میک اپ اور سٹیڈیم میں جانے کا راستہ کھوج نکالا، بعد میں سہیلیوں کو بھی اپنے پروگرام میں شامل کیا اور ساری مل کر سٹیڈیم جا پہنچیں۔
ایران میں خواتین کے کھیلوں کے مقابلے دیکھنے کے لیے سٹیڈیم جانے پر کوئی سرکاری پابندی نہیں ہے لیکن اکثر اوقات انھیں داخلے کی اجازت نہیں دی جاتی جس کی وجہ سے خواتین کم ہی ایسے مقابلے دیکھ پاتی ہیں۔
میچ کے دوران لی گئیں تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔ ان خواتین کی سٹیڈیم میں لی جانے والی تصاویر انگریزی اور فارسی زبان میں استعمال کیے جانے والے سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کی جا رہی ہیں۔