لاہور: (روزنامہ دنیا) دنیا کا سب سے مہنگا زہر بچھوؤں کی ایک قسم "موت کا شکاری" میں پایا جاتا ہے جسے جان لینے والا بچھو بھی کہتے ہیں۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس خطرناک بچھو کا زہر کینسر میں مبتلا کرنے والے خلیوں کا خاتمہ کر دیتا ہے.
اگر ایک بار کوئی اس بچھو کے زہر کا نشانہ بن گیا تو اسے بچانا نہایت مشکل ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ اس بچھو کا زہر دنیا میں سب سے مہنگا ہے اس خطرناک ترین بچھو کا تعلق بچھوؤں کے خاندان’’بوتھائی ڈی‘‘ سے ہے جبکہ اسے اسرائیلی اور فلسطینی بچھو بھی کہا جاتا ہے۔ یہ دنیا کا سب سے خطرناک بچھو ہے جسے لیورس کوئنکویسٹرئیٹس کا نام اس کی دم پر موجود پانچ حصوں کی وجہ سے دیا گیا۔ اسکا رنگ پیلا ہوتا ہے اور یہ 30 سے 77 ملی میٹر تک لمبا ہوتا ہے۔ عام طور پر یہ بچھو شمالی افریقہ اور وسطی ایشیا کے ریگستانوں میں پایا جاتا ہے۔
یہ بچھو اپنے قیمتی زہر کی وجہ سے دنیا بھر میں مقبول ہے اور اس کے ایک لٹر زہر کی قیمت تقریباً (1 ارب 10 کروڑ 63 لاکھ پاکستانی روپے ) ہے یعنی اسکا صرف ایک گیلن تقریباً 5 ارب 15 کروڑ روپے کا ہوتا ہے تاہم خطرناک ہونے کیساتھ اس بچھو کا زہر بہت کارآمد بھی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس بچھو کا زہر کینسر والے خلیوں کو بننے سے روکتا ہے۔ سائنسدانوں نے دعویٰ کیا کہ یہ زہر جسمانی اعضا کی محفوظ منتقلی میں بھی معاون ہوتا ہے۔