لاہور: (روزنامہ دنیا) ترکی کے ایک گاؤں میں ابلاغ کیلئے ایک خوبصورت اور سریلی زبان استعمال کی جاتی ہے جو کچھ اور نہیں بلکہ سیٹی بجانا ہے۔
ترکی کا ’’کسکوئے‘‘ نامی یہ گاؤں اپنی زبان کی وجہ سے منفرد تصور کیا جاتا ہے۔ یہ لوگ ابلاغ اور گفتگو کیلئے سیٹی بجاتے ہیں اور ہر جملے اور ہر لفظ کیلئے الگ انداز کی سیٹی بجائی جاتی ہے۔ اس زبان کو برڈ لینگوئج یا پرندوں کی زبان کہا جاتا ہے ۔
ان گاؤں والوں کو یہ زبان استعمال کرنے کی ضرورت اس لئے بھی پیش آتی ہے کیونکہ گاؤں پہاڑ پر واقع ہے اور مختلف گھاٹیوں اور دور دراز جگہوں پر لوگوں کو اپنا پیغام پہنچانے کیلئے عام زبان سے سیٹی زیادہ موثر ثابت ہوتی ہے تاہم اس گاؤں کے بھی تمام لوگ یہ زبان نہیں جانتے۔ اس گاؤں سمیت دنیا بھر میں صرف 10 ہزار افراد ایسے ہیں جو اس زبان پر مہارت رکھتے ہیں۔ اس زبان کے تیزی سے ہوتے خاتمے کی وجہ سے گاؤں والوں نے بھی اسے بچانے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں ایک سالانہ میلہ بھی منعقد کیا جاتا ہے جبکہ مقامی سکولوں میں بھی بچوں کو یہ زبان سکھائی جارہی ہے۔