تائے پے: (ویب ڈیسک) تائیوان کے چین سان یوآن ہر روز 11 اسمارٹ فون سے پوکے مون گو گیم کھیلتےہیں۔
پوکے مون گیم کسی نشے کی لت سے کم نہیں اور اسے کھیلتے ہوئے کئی افراد زخمی بھی ہوچکے ہیں لیکن تائیوان میں 69 سالہ ریٹائرڈ شخص پوکے مون کا اس قدر دیوانہ ہے کہ وہ ایک وقت میں 11 اسمارٹ فون پر پوکے مون گو کھیلتے ہوئے سڑک سے پوکے مون عفریت کی نشاندہی کرتا ہے۔
چین سان یوآن کو پوکے مون انکل بھی کہا جاتا ہے، تائے پے کے اس دلچسپ شخص سے یہاں کا بچہ بچہ واقف ہے، وہ اکثر اپنی سائیکل پر ایک ہی وقت میں 11 اسمارٹ فونز پر مختلف جگہوں پر پوکے مون کی بلائیں اورعفریت تلاش کرتے نظر آتے ہیں۔
پوکے مون گو میں سڑک پر گھوم کرایک تو پوکے مون کے مانسٹرز یا کرداروں کو ڈھونڈنا ہوتا ہے تو دوسری جانب انہیں اسٹرابری کھلا کر ان سے پوائنٹس لینے ہوتے ہیں۔ اس گیم کو شروع کرنے والے اس میں اتنا محو ہوجاتے ہیں کہ وہ دن رات اسے کھیلتے ہیں۔
اسی بنا پر چین سان یوآن بھی اس کے عادی ہوگئے ہیں۔ خیال رہے کہ جی پی ایس کی بنا پر چلنے والے اس گیم میں آپ کے اپنے علاقے میں پوکے مون چھپے ہوتے ہیں جنہیں تلاش کرنا ضروری ہوتا ہے جب کہ چین سان یوآن پوکے مون کی تلاش میں صبح 4 بجے بیدار ہوکر باہر نکل جاتے ہیں اور 11 فون کو ایک وقت میں استعمال کرتے ہیں۔
انکل پوکے مون نے 2016 میں اپنے پوتے کو یہ گیم کھیلتے ہوئے دیکھا تھا اور اس کے بعد وہ بھی اس گیم کے مداح ہوگئے تھے۔ اب وہ ہر مہینے 1300 ڈالر یعنی ڈیڑھ لاکھ روپے کی رقم اپنی گیم کے شوق پر خرچ کررہے ہیں بلکہ جلد ہی فون کی تعداد 11 سے بڑھا کر 15 کردیں گے۔
انکل پوکے مون پورا دن تائے پے کی گلیوں میں گھومتے رہتے ہیں اور اپنے ساتھ ایک بیگ بھر کر اسمارٹ فون کی بیٹریاں بھی لے جاتے ہیں۔