مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر میں ڈینگی وائرس کی شدت دوبارہ بڑھ گئی، 24 گھنٹوں کے دوران 117 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔
ڈینگی کنٹرول روم کی جانب سے فراہم کردہ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2630 تک پہنچ گئی ہے، مظفرآباد میں 1996، باغ میں 115، میرپور میں 400 اور جہلم ویلی میں 16 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
اس کے علاوہ، نیلم میں 33، سدھنوتی میں 3، حویلی میں 6، پونچھ میں 39، ضلع کوٹلی اور بھمبر میں 11،11 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
آزاد کشمیر کے مختلف ہسپتالوں میں 16 مریضوں کا علاج جاری ہے، جبکہ 369 مریضوں کو صحت یاب ہونے کے بعد گھر منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر محکمہ صحت کی جانب سے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور مچھر کے کاٹنے سے بچاؤ کے لئے حفاظتی اقدامات اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔