بچوں‌ کا سمارٹ فون، ٹیبلٹ سے پیچھا چھڑانے والا کھلونا

Last Updated On 15 August,2018 11:22 am

لندن: (روزنامہ دنیا) تقریباً تمام والدین اپنے بچوں میں ٹیبلٹ اور سمارٹ فون سے گھنٹوں کھیلتے رہنے کی عادت سے شدید پریشان ہیں۔ اب بچوں کی اس خراب عادت سے پیچھا چھڑانے کیلئے ایک انٹرایکٹو ہارڈویئر گیم بنایا گیا ہے جسے ’’پلگو‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔

ماہرین خبردار کر چکے ہیں کہ سمارٹ فون اور ٹیبلٹ سے خارج ہونیوالی بلیو لائٹ آنکھوں کے ان خلیات کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچاتی ہے جو روشنی جذب کرنے اور دیکھنے میں مددگار ہوتے ہیں اسی بنا پر بچوں کی نازک بینائی ان آلات سے شدید متاثر ہوسکتی ہے۔

پلے شائفو نامی کمپنی نے پلگو گیم تیار کیا ہے جو ’’لیگو‘‘ کی طرح چند ٹکڑوں، ایک پلیٹ فارم اور ٹیبلٹ پر مشتمل ہے جسے سیکھنے سکھانے کے عمل میں استعمال کیا جاسکتا ہے، دوسری اچھی بات یہ ہے کہ پلگو بچوں کو براہِ راست ٹیبلٹ کو دیکھنے سے بھی روکتا ہے۔ پلگو پانچ سے لیکر گیارہ برس تک کے بچوں کیلئے تیار کیا گیا ہے، اگلے سال مارچ میں اسے فروخت کیلئے پیش کردیا جائیگا اور اسکی قیمت 35 سے 99 ڈالر کے درمیان ہو گی ۔