نیویارک(نیٹ نیوز ) دنیا میں شاید ہی کوئی ایسا انسان ہو جسے ہمیشہ زندہ رہنے کی خواہش نہ ہو۔ اب اسی خواہش کے پیش نظر امیر کبیر لوگ کروڑوں روپیہ ایک ایسے کام پر خرچ کر رہے ہیں کہ سن کر آدمی کی سوچ جواب دے جائے۔
رپورٹ کے مطابق یہ لوگ مرنے کے بعد اپنا دماغ ہمیشہ کیلئے محفوظ کروا رہے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ ایک وقت آئیگا جب سائنس اتنی ترقی کر جائیگی کہ سائنسدان مصنوعی انسانی جسم بنانے لگیں گے تب ان کا دماغ کسی مصنوعی جسم میں لگا دیا جائیگا اور یہ دوبارہ زندہ ہو جائینگے۔
رپورٹ کے مطابق دماغ محفوظ کرنے کا یہ کام امریکی ریاست ایریزونا کے شہر سکاٹس ڈیل میں واقع ’’ایلکر لائف ایکسٹینشن فاؤنڈیشن‘‘ کر رہی ہے ، وہ ان امرا سے صرف دماغ محفوظ کرانے کے عوض 80ہزار پاؤنڈ (تقریباً 1کروڑ ساڑھے 26لاکھ روپے )جبکہ پورا جسم محفوظ کرانے کے عوض 2لاکھ پاؤنڈ (تقریباً 3کروڑ ساڑھے 16لاکھ روپے ) وصول کر رہی ہے۔
یہ قیمت 200 سال تک دماغ یا جسم محفوظ کرانے کی ہے جبکہ اس سے زیادہ عرصے تک محفوظ کرانے کیلئے زیادہ رقم ادا کرنا ہو گی ۔ اب تک 1100لوگ فاؤنڈیشن کے پاس رجسٹریشن کروا چکے ہیں جبکہ فاؤنڈیشن اب تک 149لوگوں کے دماغ اور جسم محفوظ کر چکی ہے ان لوگوں میں امریکہ کے بیس بال کے معروف کھلاڑی ٹیڈ ولیمز بھی شامل ہیں۔