بیجنگ(نیٹ نیوز) چین میں ایک ایسا ریستوران بھی ہے جہاں گائے اور نوڈلز کا سوپ ملتا ہے لیکن اس کی قیمت بہت زیادہ ہے۔ شیجیاز ہوانگ شہر میں واقع ایک چینی ریستوران میں دنیا کا سب سے مہنگا سوپ فروخت ہورہا ہے جس کی قیمت 2014 ڈالر تقریبا پاکستانی دو لاکھ 40 ہزار روپے ہے۔
سوپ کا نام ’’ہاؤزونگہاؤ بیف نوڈلز سوپ‘‘ ہے جو نائیو گینگشن ریستوران میں فروخت کیا جارہا ہے اور سوشل میڈیا پر غیرمعمولی مقبولیت حاصل کر رہا ہے ۔
اس ریستوران کا دعویٰ ہے کہ اس کی تیاری میں انتہائی مہنگے اجزا استعمال کئے جاتے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مقامی نمائندوں نے جب ریستوران سے اتنے قیمتی سوپ کا سوال کیا تو وہاں کے منیجر نے بتایا کہ سوپ کی تیاری میں چار اجزا آسمانی ہیں،
چار زمینی اور چار بحری ہیں یعنی زمین، آسمان اور سمندر سے لئے گئے اجزا کے ذریعے سوپ تیار کیا گیا ہے لیکن ان اجزا کی تفصیل نہیں بتائی گئی۔
ریستوران انتظامیہ کا مزید کہنا تھا ایک پیالہ سوپ کا آرڈر ایک ماہ پہلے دینا ضروری ہے ، اس کی تیاری میں 12 ماہر ترین شیف اپنا فن دکھاتے ہیں۔