بیجنگ: (دنیا نیوز) چین نے ترکمانستان سے آنے والی پائپ لائن سے گیس حاصل کرنے میں دلچسپی ظاہر کردی، چین اپنے حصے کی لائن پاکستان سے خود بچھائے گا۔
انٹر سٹیٹ گیس کے ایم ڈی مبین صولت نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چین ترکمانستان، افغانستان، پاکستان اور انڈیا گیس پائن لائن " ٹاپی" منصوبے میں دلچسپی لے رہا ہے۔ چین کا منصوبہ ہے کہ وہ ترکمانستان سے براہ راست گیس پائپ لائن بچھائے مگر اخراجات میں اضافے کے سبب چین پاکستان میں آنے والی گیس پائپ لائن سے گیس کی خریداری کی تیاری کررہا ہے جس کے لئے چین خود براہ راست سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
ٹاپی منصوبے کے لئے ایشیائی ترقیاتی بینک اور اسلامک ڈویلپمنٹ بینک فنڈنگ کررہے ہیں۔ منصوبے کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک 1 ارب 50 کروڑ ڈالر اور اسلامک ڈویلپمنٹ بینک 1 ارب ڈالر کا فنڈ جاری کرے گا۔