کراچی: (دنیا نیوز) آئی ایم ایف سے قرض کے حصول میں پاکستان کو مشکلات ہوسکتی ہیں، اکنامسٹ انٹیلیجنس یونٹ کے مطابق امریکہ کی جانب سے آئی ایم ایف سے قرض کے معاملے پر سیاسی مزاحمت متوقع ہے۔
عالمی جریدے اکنامسٹ انٹیلیجنس یونٹ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کو عالمی ادائیگیوں اور وصولیوں کے درمیان بڑھتے ہوئے خسارے کا سامنا ہے۔ آئی ایم ایف پر انحصار کے بجائے ممکن ہے کہ پاکستان ادائیگیوں کے چینلج سے نمٹنے کے لیے مختلف اقدامات لے۔ رپورٹ کے مطابق امپورٹس کو قابو کرنے اور غیر ملکی بانڈز کے اجراء کے لیے بھی پاکستان اقدامات لے سکتا ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان عالمی ادائیگیوں کے خسارے سے نمٹنے کے لیے دوست ممالک سے مالی تعاون کی بھی درخواست کر سکتا ہے اور اس سلسلے میں چین اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق گزشتہ لگ بھگ ایک سال میں دوست ملک چین پاکستان کو 6 ارب ڈالر سے زائد قرضہ پہلے دے چکا ہے۔