لاہور: (دنیا نیوز) چین میں پھنسے پاکستانیوں کی آٹھ روز بعد سنی گئی، شاہین ائیرلائن کی پرواز 214 مسافروں کو لے کر لاہور پہنچ گئی ہے۔
چین کے شہر گوانژو سے 214 مسافروں کو لے کر نجی ایئر لائن کی خصوصی پرواز لاہور پہنچ گئی ہے۔ شاہین ایئرلائنز کی پرواز این ایل 891 اپنے مقررہ وقت سے ایک گھنٹہ پچاس منٹ قبل لاہور پہنچی، پرواز کی لاہور آمد کا مقررہ وقت شام چھ بجے تھا، یہ پرواز آٹھ روز سے گوانژو ایئرپورٹ پر پھنسے مسافروں کو وطن واپس لائی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل شاہین ایئر لائنز کی انتظامیہ نے پاکستانی مسافروں کو واپس لانے کے لیے اپنا طیارہ استعمال کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ پرواز کے لیے طیارے کے پرزے کا انتظام کیا گیا اور انجینئرز نے پرزہ تبدیل کیا۔
نیا پرزہ لگنے کے بعد سول ایوی ایشن نے پرواز کی اجازت دی۔ شاہین ایئر لائنز کی فلائٹ این ایل 891 گزشتہ رات ساڑھے گیارہ بجے کراچی سے براستہ لاہور گونژو کے لیے روانہ ہوئی تھی۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق طیارے میں 185 مرد اور خواتین جبکہ 29 بچے سوار تھے۔