چلاس: (دنیا نیوز) چلاس اور دیامر میں سکولوں کو جلانے کے بعد پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 32 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔
چلاس اور دیامر میں سکولوں کو جلانے کے واقعات میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے حکومت نے دیامر گرینڈ امن جرگے کو فہرست فراہم کر دی گئی ہے۔ جرگہ ملوث افراد کو آئندہ 24 گھنٹے میں حکومت کے حوالے کرنے کے لئے مذاکرات شروع کرے گا۔ پولیس کا سرچ آپریشن وقتی طور پر روک دیا گیا ہے۔ فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل ثاقب محمود ملک اور آئی جی پولیس ثناء اللہ عباسی نے اپنے دورہ دیامر کے دوران سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
سرچ آپریشن کے دوران گرفتار ملزموں کے قبضے سے بارود سے بھری جیکٹ اور اسلحہ برآمد ہوا۔ کارروائی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے کانسٹیبل عارف حسین کو سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔ دوسری طرف تانگیر میں شرپسندوں کی جانب سے سیشن جج گلگت ملک عنایت الرحمان کی گاڑی پر کئے گئے حملے میں جج ملک عنایت الرحمان اور ان کے اہلخانہ محفوظ رہے۔ شدت پسندوں نے داریل اور تانگیر کی ناکہ بندی بھی کرنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے پہنچ کر سڑکیں کھلوا دی ہیں۔ شرپسندوں نے تھانے پر بھی حملے کی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا۔