لاہور: (ویب ڈیسک) گزشتہ برس 7 فروری کو ماڈل کیلی جینر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی نومولود بچی سٹرومی ویبسٹر کا ہاتھ تھامے ایک تصویر شیئر کی، جس نے ایک ہی دن میں ڈیڑھ کروڑ سے زائد لائیکس حاصل کرکے ریکارڈ قائم کیا تھا۔ جسے ایک ’انڈے‘ کی تصویر نے توڑ دیا ہے۔
امریکی رئیلٹی ٹی وی اسٹار اور معروف ماڈل کیلی جینر کی تصویر پر متعدد صارفین نے تبصرے کرتے ہوئے اسے قابل ستائش قرار دیا تھا۔ کیلی جینر کی یہ تصویر اب تک 18 ملین بار لائیک کی جاچکی ہے۔
تاہم اس ریکارڈ کو کسی اسٹار نے نہیں بلکہ ایک انڈے نے ان سے چھین لیا ہے اور رواں برس ایک انڈے کی تصویر انسٹاگرام پر سب سے زیادہ مقبول ہوچکی ہے۔ انڈے کی تصویر ’ورلڈ ایگ ریکارڈ‘ نامی انسٹاگرام اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی جسے خاص طور پر صرف سب سے زیادہ لائیک حاصل کرنے والی پوسٹ کا ریکارڈ اپنے نام کرنے کے لیے بنایا گیا تھا۔
اکاؤنٹ بنانے والے صارف نے انڈے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’چلیں مل کر ورلڈ ریکارڈ قائم کرتے ہیں اور انسٹاگرام پر کیلی جینر کے 18 ملین لائیکس والی پوسٹ کو اس تصویر سے مات دیتے ہیں‘۔
جس کے بعد اس تصویر نے 18 ملین سے زیادہ لائیکس حاصل کیے اور یہ انڈا اب انسٹاگرام پر رواں برس اب تک کی سب سے زیادہ لائیک کی جانے والے پوسٹ بن چکا ہے۔بعدازاں کیلی جینر نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے ایک انڈے کو گرم زمین پر توڑا اور تاثر دیا کہ جب کیلی نے ’ورلڈ ریکارڈ ایگ‘ اکاؤنٹ کو دیکھا۔ ساتھ ہی انہوں نے ویڈیو کیپشن میں لکھا، ’انڈے کی تو خیر نہیں۔
واضح رہے کہ کیلی کی تصویر سے قبل انسٹاگرام کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی تصاویر میں سے ایک فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے بچے کی پیدائش کی بھی تھی۔ جب کہ دوسری مشہور ترین تصویر گلوکارہ بیونسے کی تھی جس میں انہوں نے حاملہ ہونے کا اعلان کیا تھا، اس تصویر کو ایک کروڑ دس لاکھ سے زائد افراد نے لائیک کیا تھا۔