بھارت: شہری توہم پرستی میں مبتلا، بارش کیلئے مینڈکوں کی شادی کرا دی گئی

Last Updated On 11 June,2019 12:02 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں توہم پرستی کی نئی مثال سامنے آ گئی ہے۔ سب سے بڑی جمہوری حکومت کہلانے کا دعویدار ملک میں گزشتہ روز خشک سالی سے چھٹکارا پانے کے لیے مینڈکوں کی شادی کرا دی گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کرناٹکا کے شہر یوڈوپی میں یہ شادی ہوئی، اس تقریب کے دوران کسانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ وہیں عورتیں اور بچے بھی شریک ہوئے اور خوب بھنگڑے بھی ڈالے۔

اس موقع پر جہاں مینڈک دلہے کو خوب سجایا گیا وہیں اس کی دلہن کو بھی سندور لگا کر سہاگن کا درجہ دیا گیا جبکہ تقریب کا انعقاد کرنے والے فورم (یوڈوپی سٹیزن فورم) کا کہنا ہے کہ ہمیں یقین ہے کہ اس شادی کے انعقاد سے بارشیں ہونگی۔ جس کی وجہ سے شہر میں پیدا ہونے والے پانی کے مسائل حل ہونے میں مدد ملے گی۔

شادی کرنے والے جوڑے کے نام ورون اور ورشا بتائے گئے ہیں، فورم کے مطابق مینڈکوں کے اس جوڑے کو شادی کے بعد ہنی مون کے لیے بھیجا جائے گا۔ واضح رہے بھارت میں ان دنوں خشک سالی کی وجہ سے کسان فصل کی کاشت کیلئے کافی پریشان ہیں۔