میری لینڈ: (روزنامہ دنیا) خوفزدہ کرنے والے عجائبات پر مشتمل ایک امریکی تھیم پارک نے مسلسل 30 گھنٹے تابوت میں گزارنے والوں کیلئے 600 ڈالر (94 ہزار پاکستانی روپے ) انعام کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق "30 آور کپلز کوفن چیلنج" نامی یہ مقابلہ 27ستمبر کی صبح سے 28 ستمبر کی شام تک جاری رہے گا جس میں شرکا کو پارک انتظامیہ کی جانب سے خوفزدہ کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی جبکہ اس دوران وہ مخصوص اوقات کے سوا سمارٹ فون یا کوئی بھی دوسرا برقی آلہ استعمال نہیں کرسکیں گے۔
مقابلے میں شرکت کیلئے شرکا کا صحت مند ہونا ضروری ہے کیونکہ انہیں 30 گھنٹے تک صرف کھانے اور رفع حاجت کیلئے ہی تابوت سے باہر نکلنے کی اجازت ہو گی، کسی بھی اور وجہ سے تابوت سے باہر نکلنے والوں کو نااہل قرار دے کر مقابلے سے خارج کر دیا جائے گا۔
اگرچہ اس مقابلے کیلئے صرف 3 جوڑوں ہی کا انتخاب کیا جائے گا لیکن تھیم پارک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہیں اب تک ہزاروں درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، یہی نہیں بلکہ کچھ منچلوں نے تو ابھی سے تابوتوں میں لیٹ کر اپنی تصویریں بھی سوشل میڈیا پر شیئر کروانا شروع کردی ہیں اوران کاچیلنج ہے کہ وہ اس دلچسپ مقابلے میں کامیابی حاصل کرینگے۔