بیٹی کو کامیاب ایتھلیٹ بنانے کیلئے والد نے کباڑ سے گھر میں جم بوا دیا

Last Updated On 20 July,2020 06:28 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک) بیٹی کو کامیاب ایتھلیٹ بنانے کا خواب آنکھوں میں سجائے والد نے کاٹ کباڑ سے گھر میں جم تیار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق چین میں منگولیا سے تعلق رکھنے والے زینگ لانگ کا اپنی بیٹی گوہا کو کامیاب ایتھلیٹ بنانے کا خواب دیکھتے ہیں جس کے لیے وہ دن رات کوشاں ہیں۔

چین کے مقامی میڈیا کے مطابق 17 سالہ گوہا چار سال سے مڈل رنر ہیں جن کی کوچنگ ان کے والد ہی کرتے ہیں۔ دونوں باپ بیٹی صبح سویرے اٹھ کر ساتھ ہی پریکٹس کرتے ہیں اور اس دوران گوہا کے والد اپنی موٹر بائیک کی لائٹ ٹرین کے ٹریک پر ڈال کر بیٹی کو دوڑ جیتنے کے لیے ٹریننگ کراتے ہیں۔

والد کو بیٹی کی کوچنگ کرنے کے دوران احساس ہوا کہ صرف دوڑ کی پریکٹس سے کام نہیں بنے گا بلکہ جسمانی طاقت برقرار رکھنے کے لیے جم میں بھی ورزش کرنا ضروری ہے لیکن اس کے لیے باقاعدہ کسی جم میں داخلہ دلوانا مالی حالات کے باعث ان کے لیے ممکن نہ ہوا۔

پھر ایک دن گوہا کے والد کے ذہن میں کباڑ سے جم بنانے کا خیال آیا اور انہوں نے جگہ جگہ جا کر کچرے سے لکڑیاں اور پرانے ٹائرز وغیرہ جمع کیے۔ اس کے بعد انہوں نے اس کباڑ کی مدد سے بیٹی کے لیے گھر میں ہی جم بنایا تاکہ وہ جسمانی طور پر مضبوط اور طاقتور ہو جس سے وہ مستقبل میں ایک کامیاب ایتھلیٹ کے نام سے نہ صرف چین بلکہ دنیا بھر میں جانی جائیں۔

گوہا کا کہنا تھا کہ گھر میں جم دیکھ کر وہ بہت حیران ہوئیں کیونکہ ان کے والد نے بالکل ویسا ہی بنایا جیسے ہوتا ہے۔