ویلنگٹن: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کے قریبی جزیرے میں رکن اسمبلی کا انتخاب سکہ اچھال کر کیا گیا، ٹاس کا اقدام مخالف امیدواروں کی جانب سے برابر تعداد میں ووٹ حاصل کرنے کے سبب کیا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق جتنا حیران آپ اس خبر سے ہو رہے ہیں اس سے زیادہ یہ سن کر ہوں گے کہ نیئو نامی جزیرے کے لوگ اپنے علاقے کو خودمختار ملک تصور کرتے ہیں اس کے باوجود نیوزی لینڈ سے آزاد تعلق کا بھرم بھی رکھتے ہیں۔
نیئو نیوزی لینڈ کے قریب بحرالکاہل میں ایک جزیرہ ہےجس کی آبادی 1700 افراد پر مشتمل ہے، یہاں انتخابات ہوئے تو 2 امیدواروں نے برابر ووٹ حاصل کئے جس پر اسمبلی کا رکن منتخب کرنے کیلئے ٹاس کیا گیا۔
اتفاقیہ طور پر یہی طریقہ 2017 میں بھی استعمال کرنا پڑا جب 2 مخالف امیدواروں نے ایک جتنی تعداد میں ووٹ حاصل کئے تھے۔ واضح رہے اس جزیرے کی آبادی پہلے بہت زیادہ تھی، اب 30 ہزار کے قریب لوگ یہاں سے نیوزی لینڈ ہجرت کر چکے ہیں۔