سڈنی: (دنیا نیوز) آسٹریلوی شخص اصلی ہیرو بن گیا، نیو ساؤتھ ویلز کے ساحل پر سرفنگ کرتی بیوی کو شارک کے حملے سے بچا لیا۔
آسٹریلوی شخص نے سرف بورڈ سے چھلانگ لگا کر اپنی بیوی پر حملہ کرنے والی شارک کو لگاتار اتنے مکے مارے کہ وہ وہاں سے بھاگ گئی۔ شارک نے خاتون کی ٹانگ پر حملہ کیا تھا کہ شوہر کو لہروں کے شور کے باوجود بیوی کی چیخ سنائی دی، کوئی ہتھیار نہ ہونے کے باعث انہوں نے مکے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا اور شارک کی تھوتھنی اور آنکھ پر پوری قوت دے مکے مارے۔
زخمی خاتون کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سرجری کے بعد ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ خاتون کا علاج کرنے والے سرجن نے شوہر کے بروقت فیصلے اور جرات کی تعریف کی۔
حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ مہینوں میں ساحلی علاقے میں شارک کا یہ تیسرا حملہ ہے، تازہ حملہ کرنے والی شارک کی لمبائی 9 فٹ تھی جو ابھی بالغ نہیں ہوا تھا۔