خرطوم: (ویب ڈیسک) ایک انوکھی خبر نے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے، سوڈان سے قطر جانے والی تارکو ایئر لائن کی فلائٹ میں اس وقت ڈرامائی صورتحال پیدا ہو گئی جب ایک بلی نے غصے میں آ کر جہاز کے پائلٹ پر حملہ کر دیا اور پائلٹ کو جہاز کی ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
غیر ملکی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق بلی نے حیرت انگیز طور پر جہاز کے عملے اور پائلٹ پر حملہ شروع کر دیا جس کی وجہ سے اس پرواز کو سوڈان کے درالحکومت خرطوم واپس جانا پڑا۔
السوڈانی نیوز کے مطابق بدھ کو طیارے کو اڑان بھرے ابھی کچھ ہی دیر ہوئی تھی کہ بلی نے پائلٹ پر حملہ شروع کردیا پائلٹ نے اس کا مقابلہ کیا بالاخر طیارے کو شہر کی طرف رخ موڑنا پڑا، اور ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
فاکس نیوز کے مطابق یہ قطعی طور پر واضح نہیں ہے کہ بلی جہاز میں داخل ہونے میں کس طرح کامیاب ہو گئی، جبکہ دوسری جانب یہ خیال بھی ظاہر کیا جارہا ہے کہ شاید بلی رات کو طیارے میں داخل ہوگئی تھی۔ تارکو ایویشن کی جانب سے اس واقعے پر تاحال کوئی موقف سامنے نہیں آیا۔
اس بات کا اندیشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ رات ایئرپورٹ پر صفائی کے لیے جہازوں کو کھڑا کرنے کے دوران بھی یہ ممکن ہو سکتا ہے کہ بلی اندر داخل ہونے میں کامیاب ہو گئی ہو۔
یہ کسی بھی جانور کی جانب سے جہاز میں گھس کر حملہ کرنے کا پہلا واقعہ نہیں ہے اس سے قبل پچھلے سال اسی نوعیت کا ایک عجیب و غریب واقعہ بھی پیش آیا تھا جب دو کبوتر احمد آباد سے جے پور جانے والی ایک فلائٹ میں داخل ہو گئے تھے جس کی وجہ سے فلائٹ کو تقریبا 30 منٹ کی تاخیر سے اڑایا گیا تھا۔