ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت سے ایک انوکھی خبر سامنے آئی ہے جس نے سب کو حیران کر ڈالا ہے، ریاست مہاراشٹر میں موجود 80 سالہ شخص روزانہ تقریباً ڈھائی سو پتھر کھانے لگا۔
تفصیلات کے مطابق کیا کوئی ایسا بھی شخص ہوسکتا ہے جو صرف پتھر کھا کر زندہ ہو؟ ایک یا دو سال کے لئے نہیں بلکہ 30 سال سے ایسا ہی ایک شخص مہاراشٹر میں موجودہے جس کی سوشل میڈیا پر ویڈیو کافی وائرل ہو رہی ہے۔
مہاراشٹر کے ستارا کی پھلٹن تحصیل کی گاؤں ادرکی خورد میں چونکا دینے والا معاملہ سامنے آیا ہے۔ 30 برسوں سے یہاں رہنے والے بزرگ کی طرف سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ ہر روز پتھر کھاتے ہیں۔ اس بزرگ کا نام دادا رام بھاؤ بوڈ کے بتایا جاتا ہے جن کی عمر 80 سال ہے اور یہ بابا روزانہ تقریبا ڈھائی سو گرام پتھر کھاجاتے ہیں۔
شاید آپ کو اس بات پر یقین نہ ہو لیکن یہ سچ ہے۔ وہ پورے ضلع میں اس لئے جانے جاتے ہیں کیونکہ وہ پچھلے 30 سالوں سے صرف پتھر کھا کر ہی زندہ ہیں۔ یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب ان کے پیٹ میں درد ہونے کے بعد گزشتہ ہفتے ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سی ٹی سکین کے بعد پتہ چلا کہ ان کے پیٹ میں پتھر وں کا انبار ہے۔ پتھر کھانے والے بزرگ کو گاؤں والے پتھر والے بابا کے نام سے بھی پکارتے ہیں۔ اتنا ہی نہیں اسے ایک کرشمہ سمجھ کر دور دراز سے لوگ ان سے ملنے آتے ہیں۔
رام بھاؤ ممبئی میں کام کرتا تھا۔ 1989 میں ممبئی میں کام چھوڑ دیا اور وہ ستارا آگیا۔
رام بھاؤ کا کہنا ہے کہ 1973 میں ان کے پیٹ میں درد شروع ہو گیا کئی دن تک علاج چلتا رہا لیکن ان کوتکلیف سے کوئی راحت نہیں ملی۔ اس وقت گاؤں میں ہی رہنے والی ایک بزرگ خاتون نے اسے پتھر کھانے کا ایک خاص طریقہ بتایا تھا جس کے بعد انہوں نے پتھر کھانا شروع کر دیا۔ پتھر کھانے سے انہیں آرام بھی مل گیا۔ درد تو کم ہوگیا ہے لیکن رام بھاؤ کو پتھر کھانے کی عادت پڑ گئی۔ اس بات کو اب تک30 سال کا عرصہ گزر گیا وہ ہر روز پتھر کے ٹکڑے کھا رہے ہیں۔
رام بھاؤکے اس دعوے پر ڈاکٹر بھی حیران ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ تقریبا ناممکن ہے کہ کوئی شخص ڈھائی سوگرام سے زیادہ پتھر کھا کر زندہ رہ سکے۔ رام بھاؤ کی حالت فی الحال بہتر بتائی جاتی ہے اور ڈاکٹر ان کے پتھر کھانے کے راز کو جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔