چین میں لاوارث کتا 42 لاکھ میں نیلام

Published On 10 November,2021 08:45 am

بیجنگ: (روزنامہ دنیا) چین میں ایک آن لائن نیلامی میں ایک لاوارث کتا ایک لاکھ 60 ہزار یوآن (42 لاکھ روپے) میں نیلام ہو گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کتے کو ایک نا معلوم شخص 2014 میں بیجنگ میں پالتو جانوروں کے تربیتی مرکز میں چھوڑ کر چلا گیا تھا جس پر انتظامیہ نے اس نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا تاکہ اسے ڈھونڈ کر کتے کی دیکھ بھال کے اخراجات وصول کئے جائیں۔

تربیتی مرکز کے عملے نے کتے کا نام ڈینگ ڈینگ رکھ دیا اور اس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کروانا شروع کر دیں۔ اس طرح چند سال میں ڈینگ ڈینگ سوشل میڈیا پر مشہور ہو گیا۔ چند ماہ قبل چینی عدالت نے ڈینگ ڈینگ کو لاوارث قرار دیتے ہوئے نیلام کرنے کا حکم دیا۔

مسلسل 29 گھنٹے تک جاری رہنے والی آن لائن نیلامی کا اختتام ایک نامعلوم شخص کی ایک لاکھ 60 ہزار یوآن بولی پر ہوا۔