بغداد: (ویب ڈیسک) عراق سے ایک انوکھی خبر نے سب کو ششدر کر دیا ہے، جہاں پر ایک شادی ہال میں دلہے نے دلہن کو طلاق دیدی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق طلاق ہر مذہب اور ثقافت میں انتہائی بُرا سمجھنا جانے والا عمل ہے اس کے باوجود لوگ عجیب و غریب وجوہات پر اپنی اہلیہ کو طلاق دے دیتے ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ عراق میں رونما ہوا جہاں دلہا نے شادی ہال میں ہی دلہن کو طلاق دیدی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراقی دارالحکومت بغداد میں شادی کے دوران دلہن نے شامی گانا چلوا کر اس پر ڈانس کیا جو اسے بہت مہنگا پڑا۔
شامی گانا ‘مسیطرہ’ جس کا اردو معنی ‘میں تم پر حاوی ہوں یا میں تمہیں قابو کروں گی’ بنتا ہے، اس گانے کا پہلا بول یہ تھا کہ تم میری کی گئی سخت ہدایات پر چلو گے۔
دلہا اور اس کے اہل خانہ گانا سن کر مشتعل ہوگئے اور شادی ہال میں ہی دلہن سے تکرار شروع کردی جس کا اختتام دلہا دلہن کے درمیان علیحدگی پر ہوا۔
مذکورہ گانے پر طلاق کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ اس سے قبل بھی ایسے واقعات رونما ہوتے رہے ہیں جس میں دلہا نے گانا سن کر دلہن کو طلاق دی ہو۔
اردن میں دلہن کی جانب سے یہی شامی گانا ‘مسیطرہ’ چلانے پر دلہا نے شادی کی تقریب کے دوران ہی دلہن کو طلاق دے دی تھی جب کہ ایک اور واقعے میں لبنان میں گانا ‘مجھے تم سے محبت ہے گدھے’ چلانے پر بھی ایک دلہا نے دلہن کو طلاق دی تھی۔