ممبئی: (روزنامہ دنیا) بھارت میں ایک شخص شیشے کا پورا گلاس نگل گیا، پیٹ میں شدید درد ہونے پر ڈاکٹروں کو گلاس سرجری کے ذریعے نکالنا پڑا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست بہار میں ایک شخص شدید قبض اور پیٹ میں درد کی شکایت لے کر ڈاکٹر کے پاس آیا، ایکسرے میں ڈاکٹرز کو آنت میں کوئی بڑی چیز دکھائی دی، بعد ازاں وہ بڑی چیز شیشے کا ایک چھوٹا گلاس نکلی۔ ڈاکٹرز کے مطابق مریض کا کہنا تھا کہ وہ چائے پیتے ہوئے اس گلاس کو نگل گیا تھا تاہم یہ ایک نہ سمجھ آنے والی بات ہے کیونکہ خوراک کی نالی چوڑائی میں اتنی بڑی نہیں ہوتی کہ ایک گلاس وہاں سے گذر کر آنتوں تک پہنچ سکے۔
بہرحال ڈاکٹرز نے مریض کی سرجری کا فیصلہ کیا، انہوں نے پہلے اینڈوسکوپی کے ذریعے گلاس کو بغیر آپریشن جسم سے نکالنے کی کوشش کی لیکن اس میں ناکامی کے بعد انہوں نے سرجیکل پراسیس کے ذریعے پیٹ اور آنتیں چیر کر گلاس باہر نکالا۔