ماسکو: (ویب ڈیسک) روس میں ایک ہوائی جہاز کا دوران پرواز دروازہ اچانک کھلنے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اپنی نوعیت کا یہ منفرد واقعہ روس کے علاقے سائبیریا میں پیش آیا جو دنیا کے سرد ترین علاقوں میں سے ایک ہے۔ اس AN26 طیارے میں 25مسافر سوار تھے۔
جہاز کے ٹیک آف کرنے کے کچھ دیر بعد ہی اس کا دروازہ اچانک کھل گیا اور مسافروں کا سامان ہوا کے دباﺅ سے جہاز سے باہر گرنا شروع ہو گیا، منظرعام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک مسافر بھی ہوا کے دباﺅ کے ساتھ ہوائی جہاز سے باہر کھنچے جانے سے بمشکل بچتا ہے۔
اس واقعے میں متعدد مسافروں کو اپنے سامان سے ہاتھ دھونا پڑا، گیٹ کھل جانے پر پائلٹ نے طیارے کو واپس میگن ایئرپورٹ کی طرف موڑ لیا اور بحفاظت ہنگامی لینڈنگ کرانے میں کامیاب ہو گیا۔
خوش قسمتی سے طیارے میں سوار تمام مسافر اور عملے کے لوگ محفوظ رہے،صرف چند مسافروں کی ٹوپیاں ہوا کے دباﺅ کے سبب ان کے سروں سے اتر کر اڑتی ہوئی جہاز سے باہر چلی گئیں۔