ڈربن: (دنیا نیوز) جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والی خاتون نے شادی کے 4 سال بعد طلاق ہونے پر شادی کا فوٹو شوٹ کرنے والے فوٹو گرافر سے تصاویر اور ویڈیوز کی مد میں دی گئی رقم واپس مانگ لی۔
لانس رومیو نامی فوٹوگرافر نے ٹوئٹر پر خاتون کے ساتھ اپنی واٹس ایپ پر ہوئی گفتگو کے سکرین شاٹس شیئر کئے جو کہ وائرل ہوگئے۔
چیٹ کے سکرین شاٹ میں خاتون فوٹوگرافر سے کہتی ہے کہ مجھے نہیں معلوم کہ آپ مجھے اب جانتے ہیں کہ نہیں، آپ نے 2019 میں ڈربن میں میری شادی کے موقع پر میرا فوٹو شوٹ کیا تھا ۔
خاتون نے لکھا کہ میں اب طلاق یافتہ ہوں، مجھے اور میرے سابق شوہر کو شادی کی تصاویر اور ویڈیوز کی اب ضرورت نہیں ہے، آپ نے شاندار فوٹوشوٹ کیا تھا لیکن وہ تصاویر ضائع ہوگئیں کیونکہ اب ہم طلاق یافتہ ہیں، تاہم مجھے وہ رقم واپس کر دیں جو ہم نے آپ کو فوٹو شوٹ کرنے پر ادا کی تھی ۔
رپورٹس کے مطابق پہلے تو فوٹوگرافر نے سوچا کہ یہ ایک مذاق ہے لیکن بعد میں اسے احساس ہوا کہ خاتون واقعی سنجیدہ ہے اور اس نے شادی کے فوٹو شوٹ کی رقم واپس مانگی ہے کیونکہ اب اس کی طلاق ہو چکی ہے، تاہم فوٹوگرافر نے اس کی غیر معمولی درخواست کو مسترد کر دیا۔
UPDATE : pic.twitter.com/u66kMHqIPj
— LanceRomeoPhotography (@LanceRomeo) April 11, 2023
فوٹو گرافر کی جانب سے رقم واپسی سے انکار کرنے پر خاتون نے اس معاملے میں وکیل کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ وہ کم از کم رقم کا 70 فیصد واپس لے سکے۔
رپورٹس کے مطابق خاتون اور فوٹوگرافر کی چیٹ جب وائرل ہوئی تو یہ پوسٹ خاتون کے سابق شوہر نے بھی دیکھی جس کے بعد انہوں نے فوٹوگرافر سے رابطہ کیا اور خاتون کی جانب سے معافی مانگی۔
دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی خاتون کی اس حرکت پر اس کا کافی مذاق اُڑایا گیا۔