واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا میں یکساں شکل والی دو جڑواں بہنیں کئی عشروں سے ایک جیسے کپڑے پہن رہی ہے اور بالوں کا انداز بھی یکساں رکھتی ہیں۔
روسی کولز اور کیتھی ہیفرنن ان نایاب بچوں میں سے ہیں جن کی پیدائش ایک ہزار میں سے تین یا چار مرتبہ ہی ہوسکتی ہیں، کیونکہ وہ دونوں جڑواں ہیں اور یکساں خدوخال بھی رکھتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ بچپن سے ہی ان کے درمیان مضبوط بندھن قائم ہیں۔
وہ اکثر اپنا وقت ایک ساتھ گزارتی ہیں اور بچپن سے عمر رسیدگی تک ایک جیسے کپڑے پہن رہی ہیں۔
کیتھی ہیفرنن کہتی ہیں کہ اس عمر میں جڑواں بہن بھائی عموماً ایک ساتھ نہیں گھومتے کیونکہ ان کی اپنی زندگیاں مختلف ہوتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ جب وہ باہر جاتی ہیں تو لوگ انہیں روک کر تصویریں کھینچتے ہیں اور سیلفی لیتے ہیں، دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں بہنوں نے جڑواں بھائیوں سے شادی کی ہے۔
یہاں تک کہ ان کی عینک، پاجامہ، ہیئر سٹائل اور زیورات بھی ایک جیسے ہوتے ہیں، ان کے گھر ایک ہی جگہ واقع ہیں اور ایک جیسے ڈیزائن کے ہیں، یہاں تک کہ دونوں گھروں پر یکساں رنگ ہیں، کمرے ایک جیسے ہیں اور اندرونی ڈیزائن بھی ہو بہو ہے۔
روسی کی شادی 1974 اور کیتھی کی شادی 1977 میں جڑواں بھائیوں سے ہوئی تھی لیکن بعد میں دونوں اپنے شوہروں سے الگ ہوگئیں، دونوں بہنوں کا عزم ہے کہ وہ پوری زندگی ایک جیسے لباس اور حلیے کے ساتھ رہیں گی۔